خضدار: موبائل فون استعمال کرنے پر بیوی کا شوہر کے ہاتھوں قتل

پیر 29 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے زہری میں خاتون پر جان لیوا تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیاہے جس میں گزشتہ روز شوہر نے اپنی بیوی کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا ہے۔

لیولز حکام کے مطابق ملزم رحمت اللہ نے موبائل استعمال کرنے پر اپنی بیوی کو جان سے مار دیا، گرفتار ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا ہے کہ اس نے موبائل کا استعمال کرنے پر بیوی کو شک کی بنیاد پر گلا دبا کر ہلاک کردیا ہے، لیولز حکام کی جانب سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

بلوچستان میں خواتین کے حقوق پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم عورت فاؤنڈیشن کے ترجمان نے وی نیوز کو بتایا کہ بلوچستان میں ہمشیہ سے خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، خضدار میں شوہر کے ہاتھوں خاتون کے قتل کا معاملہ ادارے برائے انسانی حقوق اور بلوچستان ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سامنے رکھا ہے۔ ’ایسے واقعات کی ہر فورم پر مذمت کرتے ہیں۔‘

عورت فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے واقعات میں گزشتہ 5 برسوں  کے دوران یوں تو کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس نوعیت کے مجرمانہ واقعات ختم نہیں ہوئے، فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس خواتین پر تشدد کے رپورٹ ہونیوالے 82 واقعات میں 52 خواتین اپنی جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

’قتل کی ان نصف وارداتوں میں غیرت کے نام پر 24 خواتین کو موت کے گھاٹ اتارا گیا، سال 2019 میں 82، 2020 میں 84، 2021 میں 36، 2022 میں 76 جبکہ گزشتہ برس 52 خواتین قتل ہوئی ہیں۔‘

حقوق نسواں کے علمبرداروں کا موقف ہے کہ بلوچستان کے شہری علاقوں میں تو صورتحال بہتر ہے لیکن دیہی علاقوں میں آج بھی صدیوں پرانے قبائلی معاشرے سے جڑے رسم ورواج رائج ہیں۔

’صوبے میں قتل کے فیصلوں پر خواتین کو دوسروں کے سپرد کرنا، غیرت کے نام پر قتل اور کم عمری میں شادیاں کرنے جیسی کئی رسومات آج بھی صوبے میں زندہ ہیں تاہم حکومت کو خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے موثر قانون سازی کی ضرورت ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp