کوئٹہ: 3 بھائیوں نے غیرت کے نام پر بہن اور نوجوان لڑکے کو قتل کردیا

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں  3بھائیوں نے غیرت کے نام پر اپنی بہن اور ایک نوجوان کو قتل کردیا۔

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کی صبح فائرنگ کے 2 مختلف واقعات رونما ہوئے۔ سریاب روڈ اور مشرقی بائی پاس پر فائرنگ کے 2 واقعات میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کاپہلا واقعہ سریاب روڈ پر پیش آیا جس میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے راشد نامی نوجوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ مشرقی بائی پاس پر پیش آیا جس میں ایک خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں جہاں سے مقتول افراد کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ سول ہسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے سپرد کر دی جائیں گی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ 3بھائیوں نے غیرت کے نام پر پہلے ایک لڑکے کو فائرنگ کر کے  قتل کیا اور بعد ازاں اپنی بہن کو بھی قتل کر دیا۔ اس واقعہ کی مزید تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھی غیرت کے نام پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا تھا۔ شوہر نے موبائل استعمال کرنے پر بیوی کو گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا۔

خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’عورت فاؤنڈیشن‘ کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے واقعات میں گزشتہ 5 برسوں  کے دوران یوں تو کمی واقع ہوئی ہے  تاہم اس نوعیت کے مجرمانہ واقعات ختم نہیں ہوسکے۔

فاؤنڈیشن کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس خواتین پر تشدد کے رپورٹ ہونے والے 82 واقعات میں 52 خواتین جان کی بازی ہار گئی تھیں۔قتل کی ان نصف وارداتوں میں 24 خواتین کو غیرت کے نام پر موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ سال 2019 میں 82، 2020 میں 84، 2021 میں 36، 2022 میں 76 جبکہ گزشتہ برس 52 خواتین قتل ہوئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp