پی ٹی آئی کا تمام جماعتوں کے ساتھ سیاسی اشتراک عمل پر غور

منگل 30 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیاسی اشتراکِ عمل کے آپشنز پر تفصیل سے غور  کیا۔

مزید پڑھیں

منگل کو اپنے اجلاس میں پی ٹی آئی کور کمیٹی نے بانی چیئرمین کی منظوری کے بعد اور ان کی ہدایات کی روشنی میں ملک گیر پرامن احتجاجی تحریک کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق تنظیمی معاملات، ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، سیاسی حکمتِ عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔

کور کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ کےخلاف مقدمات کو التوا میں ڈال کر انہیں انصاف سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے، بےبنیاد، بیہودہ اور من گھڑت عدّت کیس میں درخواست گزار کے اپنے وکلا کے ہمراہ جج کو دباؤ میں لانے اور بانی چیئرمین عمران خان کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ پر رکیک حملے کرنا قابل مذمت ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے اپنے خط میں جن خفیہ قوتوں کی مداخلت کا ذکر کیا ان کے نشان ان مقدّمات میں بھی واضح ہیں اور ججز کو ڈرا دھمکا کر یا ٹاؤٹ درخواست گزاروں کو تھپکیاں دے کر عدالتی کارروائی میں شرمناک مداخلت اور عمران خان اور ان کی اہلیہ کو قید میں رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔

پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط پر عدالتی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کا طرزعمل اور خیالات نہایت مایوس کن اور عدلیہ مخالف ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کی آئینی اور جمہوری تاریخ کے اس سنگین اور حسّاس ترین معاملے پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت اور فل کورٹ کی تشکیل سے چیف جسٹس کا گریز نہایت افسوسناک ہے۔

اجلاس میں خط کے ذریعے عدلیہ کی آزادی پر مارے جانے والے شب خون کو قوم کے سامنے لانے اور ان ججز کی آواز میں آواز ملانے والے ججز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس آف پاکستان مداخلت کاروں کی خاموش سرپرستی کی بجائے معاملے پر تمام ہائیکورٹس سے موصول ہونے والے جوابات کو منظرِعام پر لائیں۔

کورکمیٹی کی جانب سے پنجاب میں کسانوں کے معاشی قتل، گندم کی فصل کے ضیاع اور پرامن احتجاج کے لیے نکلنے والے کسانوں کے خلاف طاقت کے استعمال کی شدید مذمت  بھی کی گئی۔

اجلاس نے 9 مئی کے بعد پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کے معاملے کو بانی چیئرمین تحریک انصاف کی جیل سے رہائی تک مکمل طور پر مؤخّر کرنے پر اتفاق کیا۔

پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے والوں کی جماعت میں واپسی کی درخواستوں کو رہائی کے بعد فیصلے کے لیے بانی چیئرمین عمران خان کے روبرو پیش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایشیا کپ 2025: سپر فور مرحلے کا شیڈول جاری، کون کس کے خلاف کھیلے گا؟

چمن میں دھماکا: 5 افراد جاں بحق، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بلوچستان کی مذمت

وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کرکے لندن پہنچ گئے

گوگل ڈاؤن: دنیا بھر میں جی میل، یوٹیوب، سرچ اور ڈرائیو متاثر

خواتین کے پیٹ کے گرد چربی کیوں بڑھتی ہے؟

ویڈیو

اسلام آباد میں اولمپئین ارشد ندیم کے نام سے شاہراہ منسوب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا شگفتہ انٹرویو

سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی جارح کیخلاف ہمیشہ ایک رہیں گے، سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان

کالم / تجزیہ

پاک سعودی دفاعی معاہدہ، لڑائیوں کا خیال بھی شاید اب نہ آئے

سعودی پاکستان دفاعی معاہدے کی عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج

چارلی کرک کا قتل