بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی نے پارٹی نہ چھوڑنے والوں کو قبول نہیں کیا، ملیکہ بخاری

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ملیکہ بخاری نے اپنی پارٹی سے شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایسے لوگوں کو قبول نہیں کیا جو پارٹی چھوڑ کر نہیں گئے۔ انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کو بھی نشانے پر رکھ لیا اور اس پر لوگوں کا وقار مجروح کرنے اور ان کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر پی ٹی آئی کی ایک پوسٹ کے جواب میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پریس کانفرنس روم اور اس میں پریس کانفرنس کرنے والوں کے لیے رکھی گئی کرسیوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’اس پریس کلب اور اس کرسی نے کئی بے گناہ لوگوں کے وقار کو مجروح کیا اور ان کی دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو تباہ کرکے رکھ دیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ایسے کئی خوش قسمت لوگ بھی ہیں جنہیں اس کرسی پر بیٹھنے پر مجبور نہیں کیا جاسکا، یہی وجہ ہے کہ انہیں سیاست اور انتخاب کی آزادی حاصل ہوئی۔

ملیکہ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ایسے لوگوں کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی جو پی ٹی آئی کو چھوڑ کر نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے کئی افراد ہیں جنہیں ویڈیو بیانات دینے اور پریس کانفرنسز کرنے پر پارٹی ٹکٹ دیے گئے، انہیں واپس بھی لیا گیا اور انہیں پارٹی میں اعلیٰ عہدے بھی دیے گئے۔

انہوں نے کہا، ’میں پی ٹی آئی کے کارکنان، پاکستانیوں اور سوشل میڈیا کے جنگجؤوں کی شکرگزار ہوں جنہوں نے ہمیشہ محبت اور عزت سے نوازا۔‘

ملیکہ بخاری کی پوسٹ پر صارف ڈاکٹر عنایت علی خان نے جوابی پوسٹ میں لکھا، ’خان کی جیل کی رہائی کے بعد سب ٹھیک ہوجائے گا، پی ٹی آئی کو ان تمام رہنماؤں کو واپس پارٹی میں شامل کرنا چاہیے جنہیں زبردستی پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا بصورت دیگر یہ اسٹیبلشمنٹ کی جیت ہوگی۔‘

صارف سی احمد خان نے کہا، ’ہم آپ کے جذبے، عزم اور وفاداری سے واقف ہیں، آپ بھی اس پارٹی کا حصہ ہونے کی مستحق ہیں، ہم جلد آپ کو آپ کی پوزیشن واپس دلوائیں گے۔‘

صارف رانا شایان نے کہا، ’ملیکہ آپ بھی اب دودھ کی دھلی بننے کی کوشش نہ کرو، آپ نے بھی خان کو مشکل وقت میں چھوڑا اس لیے بھاشن دینا چھوڑیں اور اپنے کام سے کام رکھیں۔‘

’پریس کلب کی جادوئی کرسی جو مقدمات سے نجات دلائے‘

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں پریس کلب کی کرسی کو جادوئی کرسی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھلے آپ پر دہشتگردی کے 100 مقدمات ہوں، اس کرسی پر بیٹھنے سے تمام گناہ دھل جاتے ہیں۔

پی ٹی آئی نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’9 مئی کی مناسبت سے اس جادوئی کرسی کو بھی نہ بھولیں جس پر بیٹھتے ہی تمام گناہ دھل جاتے ہیں، بے شک آپ پر دہشتگردی کے 100 مقدمات ہی کیوں نہ ہوں اور عدالت میں کیس چل رہا ہو، رہائی یقینی ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp