پاڑا چنار میں بچے سے مبینہ زیادتی، ملزم گرفتار

منگل 30 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے ہیڈکوراٹر پاڑا چنار میں پولیس نے بچے کے ساتھ مبینہ بدفعلی کے بعد ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کرم نثار احمد خان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بچے کی شکایت پر پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا ہے جس کا ریمانڈ بھی منظور کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعہ تھانہ سٹی کی حدود پاڑا چنار بازار میں پیش آیا، جس کی شکایت متاثرہ بچے جس کی عمر 13 سے 14 سال کے درمیان ہے نے خود پولیس کو کی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق بچے نے پولیس کو بتایا کہ 4 سال قبل اس نے ملزم (جس کی موبائل شاپ ہے) سے 3 ہزار روپے میں سمارٹ فون خریدا جس کے 1500 روپے بقایا تھے۔

ایف آئی آر میں مزید لکھا ہے 7 روز بعد جب بچہ دوبارہ دکان پر گیا تو ملزم نے موبائل خراب کرنے کا الزام لگایا اور 42 ہزار روپے دینے کا مطالبہ کیا۔ اور بچے کو زبردستی گودام میں لے جا کر مبینہ طور پر بدفعلی کا نشانہ بنایا۔ جبکہ خوف اور ڈر کی وجہ سے بچے نے کسی کو نہیں بتایا۔

بچے نے پولیس کو بتایا کہ اس کے بعد یہ سلسلہ مسلسل شروع ہوگیا اور ملزم مختلف اوقات میں اسے اپنی حوس کا نشانہ بناتا رہا۔

ایف آئی آر کے مطابق بچے نے بتایا کہ آخری بار 21 اپریل 2024 کا ملزم نے اس کے ساتھ بدفعلی کی اور موبائل پر ویڈیو بھی بنانے کے بعد وائرل کرنے کی دھمکی دی۔

ملزم کی دھمکیوں سے تنگ آکر بچے نے پولیس میں رپورٹ کی

ایف آئی آر کے مطابق بچے نے بتایا کہ اس نے ملزم کی دھمکیوں اور زیادتی سے تنگ آکر پولیس کو رپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جس کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔

ڈی پی او نثار احمد خان نے بتایا کہ ملزم کے موبائل سے ویڈیوز بھی برآمد ہوئی ہیں جو شکایت کرنے والے بچے کی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کچھ اور سامنے نہیں آیا جبکہ جو ویڈیوز برآمد ہوئی ہیں وہ صرف ایک بچے کی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp