قائداعظم نے اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا، آج زبردستی تسلیم کرنے کی کوشش ہورہی ہے، مولانا فضل الرحمان

بدھ 1 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز ریاست کہا تھا لیکن آج زبردستی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔

لاہور میں قومی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اسرائیل کے حوالے سے تاریخی حقائق کا کچھ نہیں بتایا جاتا، لوگوں کے دماغ میں اسرائیل سے متعلق عجیب سوالات ڈالے جاتے ہیں، کہا جاتا ہے اسرائیل حقیقت ہے اسے تسلیم کرنے میں کیا قباحت ہے۔

انہوں نے کہاکہ خطہ فلسطین کا ذکر تاریخ میں ہزار سال تک مل سکتا ہے مگر خطہ اسرائیل کا نہیں۔ محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل کے حق میں یواین قرارداد پر بانی پاکستان محمد علی جناح نے پہلا ردعمل دیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ہم فلسطین اور فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم دنیا اسرائیل کے معاملے تذبذب کا شکار کیوں ہے۔

ایک ماحول بنایا گیا ہے کہ اب اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیے، لیاقت بلوچ

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاکہ فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے اہم ترین مسائل ہیں جن کی وجہ سے عالمی امن داؤ پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر ہماری شہ رگ اور فلسطین ارض انبیا ہے، ایک ماحول بنایا گیا ہے کہ اب اسرائیل کو تسلیم کر لینا چاہیے۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ 7 اکتوبر کے طوفان الاقصیٰ آپریشن نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے منصوبے کا سب کچھ ملیا میٹ کردیا۔ عالم اسلام کو یکجہتی کی طرف آنا چاہیے۔

پاکستان کے ایوانوں میں فلسطین پر بات نہیں کی جاتی، کیپٹن (ر) صفدر

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر نے کہاکہ فلسطین پر توجہ نہ دی گئی تو رسول اللہﷺ کی شفاعت نصیب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر کو آزاد کرانے میں کسی کی دلچسپی نہیں، جبکہ پاکستان کے ایوانوں میں فلسطین پر بات نہیں کی جاتی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp