چیمپیئنز ٹرافی2025: ہائی وولٹیج پاک بھارت ٹاکرا کہاں کھیلا جائے گا؟

جمعرات 2 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی، لاہور اور راولپنڈی وہ 3مقامات ہیں جہاں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) 2ہفتے تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ کی میزبانی کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ چیمپیئنز ٹرافی2025 کے لیے پی سی بی کے شیڈول میں پورے ٹورنامنٹ کے لیے انڈیا کو صرف ایک شہر میں ہی رکھے جانے کا امکان ہے، کرکٹ بورڈ تقریباً 17سال بعد بھارت کے دورہ پاکستان کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے بتایا کہ پی سی بی کے تیار کردہ چیمپئنز ٹرافی شیڈول کے مطابق بھارت کے دورہ پاکستان کے دوران تمام میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، چیمپئز ٹرافی کا فائنل بھی لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کو ایک شہر میں رکھنے کی تجویز اس لیے دی گئی ہے کہ ان کے سفر کے دوران لاجسٹک اور کھلاڑیوں کی حفاظت کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا، اس کے علاوہ لاہور میں میچز ہونے کی وجہ یہ بھی ہے کہ واہگہ بارڈر کراسنگ کے قریب ہونے کی وجہ سے ہندوستانی شائقین کو میچ دیکھنے کا نسبتاً آسان آپشن فراہم کیا جاسکتا ہے۔

پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا مسودہ بھیج دیا ہے، جو ممکنہ طور پر اگلے سال فروری کے وسط میں منعقد کیا جائے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھیجے گئے مسودے میں 8 شرکت کرنے والے ممبران کی بات چیت ہوگی، جس میں سب سے اہم بات بھارت کا دورہ پاکستان ہے۔

خیال رہے2008 کے ایشیا کپ کے بعد سے کوئی ہندوستانی ٹیم پاکستان میں نہیں کھیلی، خاص طور پر اسی سال ممبئی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے دونوں حکومتوں کے درمیان تعلقات مسلسل اور تیزی سے خراب ہوتے رہے۔ پچھلے سال، جب پاکستان نے ایشیا کپ کی میزبانی کی، تو انہیں ایک ہائبرڈ ماڈل تعینات کرنے پر مجبور کیا گیا جس میں بھارت نے پاکستان کے خلاف سری لنکا میں اپنے تمام میچز کھیلے۔

واضح رہے پاکستان نے گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں خیرسگالی کا پیغام دیتے ہوئے بھارت میں میچز کھیلے، گروپ مرحلے میں باہر ہونے سے پہلے انہوں نے اپنے تمام میچز ہندوستان میں 5مقامات پر کھیلے۔

یہ بھی واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے بھارت کے پاکستان آنے یا نہیں اس کا حتمی فیصلہ بی سی سی آئی کے بجائے ہندوستانی حکومت کے ہاتھ میں ہوگا۔ کچھ روز قبل کراچی میں بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام 8ٹیمیں ایونٹ کے لیے پاکستان آئیں گی۔

چیمپئنز ٹرافی 1996 کے ورلڈ کپ کے بعد آئی سی سی کا پہلا ایونٹ ہے جس کی میزبانی پاکستان کرے گا، جب وہ بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ میزبان تھے۔ پاکستان نے 2008 میں ایونٹ کا انعقاد کرنا تھا لیکن اس وقت پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال کی وجہ سے اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں ایونٹ کو جنوبی افریقہ منتقل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان 2011 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے شریک میزبانی کے فرائض سے بھی محروم ہو گیا،2015 میں پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے بعد سے چیمپئنز ٹرافی میں شامل ہر ایک ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے سوائے بھارت کے۔

پاکستان اس ایونٹ کا دفاعی چیمپئن ہے، جو آخری بار 2017 میں منعقد ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp