اپر چترال سے تعلق رکھنے والے نوجوان پولو کھلاڑی کی محبت میں مبتلا امریکی دوشیزہ نے پاکستان پہنچ کر اپنے محبوب سے شادی رچا لی۔
مزید پڑھیں
فری لائنس صحافی کے کلیئراسٹیفین گزشتہ روز امریکا سے اسلام آباد پہنچیں جہاں پولو کھلاڑی انور ولی عرف موشور سے ان کا نکاح ہوگیا۔
نکاح کی تقریب میں شریک دوستوں کے مطابق امریکی خاتون 8 ماہ قبل پاکستان آئی تھیں اور اپر چترال میں بونی میں قیام کے دوران ان کی ملاقات وہاں کے نامور نوجوان پولو کھلاڑی اور سماجی شخصیت و شاعر انور ولی المعروف موشور سے ہوئی تھی۔ کے کلیئر اسٹیفن کی اپنے وطن واپس جانے کے بعد بھی موشور سے رابطہ رہا اور پھر وہ دوستی پیار میں بدل گئی اور بالآخر دونوں نکاح کے بندھن میں بھی بندھ گئے۔
دلہا کے خاندانی ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز کے کلیئراسٹیفین امریکا سے اسلام آباد پہنچیں جہاں لڑکے کے خاندان والے اور دوستوں نے ان کا استقبال کیا اور وہیں نکاح کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ کے اسٹیفن کا حق مہر 30 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نکاح کی تقریب سادگی کے ساتھ منعقد ہوئی جس میں موشور کے رشتے دار اور دوستوں کے علاوہ وکلا نے شرکت کی۔
نکاح کے بعد نوبیاہتا جوڑا پشاور روانہ ہو گیا جہاں سے وہ جمعرات کی شب چترال جائے گا اور وہاں مقامی رسم و رواج کے مطابق دیگر تقریبات اور ولیمے کا انعقاد کیا جائے گا۔