اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار

جمعہ 3 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقدہ 15ویں اسلامی سربراہی اجلاس کے موقع پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل حسین براہیم  طحٰہ سے ملاقات کی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے 15ویں او آئی سی اسلامی سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر سیکریٹری جنرل کو مبارکباد دی۔

بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد اور اشتعال انگیزی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، انہوں نے اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ  فلسطین کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں دنیا بھر میں اسلامو فوبیا اور زینو فوبیا کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے سیکریٹری جنرل کو بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور وہاں بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے طاقت کے بے تحاشا استعمال کے بارے میں آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت میں او آئی سی کے تاریخی کردار کا ذکر کرتے ہوئے کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ اور کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچی کے کردار کو سراہا، او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کشمیری عوام کے لیے او آئی سی کی حمایت اور او آئی سی کی مختلف قراردادوں میں ان کے جائز حق خودارادیت کی تصدیق کی۔

وزیر خارجہ نے غزہ میں جاری نسل کشی اور سنگین انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینیوں کو فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی پر زور دیتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے او آئی سی کی کوششوں اور اقدامات کو بھی سراہا اور ان اقدامات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران جن دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ان میں دنیا کے مختلف حصوں میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، دہشت گردی اور او آئی سی کے رکن ممالک کو مشترکہ حل تلاش کرنے پر کام کرنے کی ضرورت شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp