لاہور پولیس نے اہلکاروں کو اکیلے وردی میں سفر کرنے سے روک دیا۔
مزید پڑھیں
تفصیلات کے مطابق، لاہور پولیس نے ٹارگٹ کلنگ سے بچنے کے لیے نئے ایس او پیز جاری کیے ہیں۔ اس حوالے سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس اہلکار اکیلے وردی میں سفر نہ کریں، بغیر یونیفارم کے ڈیوٹی پر آئیں اور بغیر یونیفارم ہی ڈیوٹی سے گھر جائیں۔
حکم نامے کے مطابق، تھانوں میں تعینات پولیس اہلکار اپنا یونیفارم تھانے میں رکھیں گے۔ پولیس اہلکاروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اگر ضروری کام کے لیے کہیں جانا مقصود ہوتو وہ وردی میں سفر نہ کریں۔
پولیس اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں کہیں جانا ہو تو کم از کم 2 پولیس اہلکار سفر کریں۔ تھانوں کے اہلکاروں سمیت گارڈ ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کو بھی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔ حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ اہلکار دوران سفر سرکاری اسلحہ ساتھ ضرور رکھیں۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایس او پیز کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئےجاری کیے گئے۔ واضح رہے کہ لاہور میں گزشتہ ہفتے 3 پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے واقعہ میں ایک سب انسپکٹر سمیت 2 اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔