پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلَوم نے پاکستان خصوصاً پنجاب میں صحت، ٹیکنالوجی اور ثقافتی شعبوں میں امریکا کے تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے یکم سے 3 مئی تک لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پنجاب کی نئی حکومت کی نئی قیادت اور مختلف عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور امریکا اور پاکستان کے درمیان تعاون اور اشتراک کو مضبوط کرنے کے حوالہ سے صوبہ میں مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقعوں کی نشاندہی پر تبادلہ خیا ل کیا۔
Ambassador Blome & CG Hawkins met with Punjab Chief Minister Maryam Nawaz Sharif to discuss opportunities to deepen 🇺🇸 & 🇵🇰 partnership to benefit the people of Punjab.
The Ambassador highlighted our interest in promoting economic ties and strengthening our trade & investment… pic.twitter.com/B24mh6xNZB
— U.S. Consulate General Lahore (@USCGLahore) May 2, 2024
بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں آئی ٹی، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے مابین تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہی، لاہور میں متعین امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز بھی ڈونلڈ بلوم کی مصروفیات میں ان کے ساتھ شریک رہیں۔
بیان کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی معمول کی رابطہ کاری کے سلسلہ میں سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، پنجاب اسمبلی کے اسپیکراور نگران گورنر ملک محمد احمد خان اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ڈونلڈ بلوم نے اس امر کو اجاگر کیا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید تقویت دینے میں دلچسپی رکھتا ہے ۔ دریں اثنا انہوں نے امریکا اور پاکستان کے گرین الائنس فریم ورک پروگرام کے تحت کی جانے والی کوششوں کے مثبت اثرات کا بھی ذکر کیا اور مستقبل میں تعاون کے مزید مواقعوں کی نشاندہی پر بھی گفت و شُنید کی۔
بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے آئی ٹی اور صحت کے شعبوں میں امریکا اور پاکستان کے درمیان جاری تعاون کے بارے میں مزید جاننے کے لیے سسٹمز لمیٹڈ اور ریمنگٹن فارماسیوٹیکلز کے دفاتر کا بھی دورہ کیا۔
بیان کے مطابق اس موقع پر پر اُنہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان میں غذائی قلت کے مسائل سے نمٹنےکے لیے تقریباًساڑھے 8 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کر رہی ہے، جس میں شدید غذائی قلت کا شکار بچوں کے علاج کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر بھی شامل ہیں۔ امریکی سفیر نے غذائی قلت سمیت صحت کے شعبہ میں حائل بین الاقوامی سطح کے بحرانوں کا حل تلاش کرنے میں ریمنگٹن فارماسیوٹیکلز اور دیگر امریکی شراکت داروں کی کاؤشوں کی تعریف کی۔
اپنے دورہ کے دوران سفیر بلوم نے فارمین کرسچن کالج میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے خواتین کے لیے تعمیر کردہ رہائشی سہولیات اور امریکی حکومت کے تعاون سے فعال ایجوکیشن یو ایس اے کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔
بیان کے مطابق امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کے دورہ کا ایک نمایاں پہلو 4 امریکی خواتین پر مشتمل موسیقار گروپ ریننگ جین کی لاہور قلعہ میں منعقد کردہ محفل موسیقی میں شرکت تھی۔