چترال میں شدید بارش کے باعث پہاڑی ٹریک پر پھنس جانے والے ایک غیرملکی سیاح کو پولیس نے بروقت ریسکیو کرلیا۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق، سوئزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ہچ ہائیکر اور سیاح Amadeo لوئر چترال کے اورغوچ کے پہاڑی ٹریک سے کیلاش وادی رمبور جا رہے تھے جوکہ سطح سمندر سے تقربیا 6550 فٹ بلند ہے۔
زیادہ اونچائی، موسم کی خرابی اور شدید بارش کی وجہ سے پولیس کا اس سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد پولیس نے سیاح کی تلاش شروع کردی۔ پولیس نے بتایا کہ لوئر چترال تھانہ رمبور، فارنر رجسٹریشن آفس اور ڈسٹرکٹ سیکیورٹی برانچ اسٹاف نے شدید بارش کے باوجود انتہائی خطرنک اور دشوارگزار پہاڑی سلسلے میں سیاح کی تلاش شروع کردی اور رات 2 بجے کے قریب جنگل کے وسط میں غیرملکی سیاح تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ سوئس سیاح نے سخت بارش اور سردی سے بچنے کے لیے ایک مویشی خانے میں پناہ لے رکھی تھی۔ پولیس ٹیم نے غیرملکی سیاح کو باحفاظت ریسکیو کرکے سٹی چترال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہاڑوں میں مسلسل بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ بارش سے پہاڑی ٹریک پر چلنا بھی خطرے سے خالی نہیں تھا۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ بارش اور سرد موسم میں سیاح اکیلا ہونے کی وجہ شدید پریشان تھا اور موبائل نیٹ ورک خراب ہونے سے ان کا رابطہ بھی منتظع ہو گیا تھا۔ بروقت ریسکیو کرنے پر غیرملکی سیاح نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔