خود کش بمبار کے والد اور بھائیوں کے ہوشربا انکشافات، نوجوانوں کو کیسے ورغلایا جاتا ہے؟

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خود کش بمبار نظام الدین کے والد اور بھائیوں کے ہوشربا انکشافات منظر عام پر آگئے کہ کیسے وزیرستان کا 17 سالہ نوجوان ٹی ٹی پی خوارج کے ہتھے چڑھ کر خود کش حملے کی نذر ہوگیا۔ ان کا کہنا ہے کہ مذہب سے باغی، وطن کی محبت سے عاری اور انسانیت کے قاتل دہشت گرد معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر اپنے شکنجوں میں جکڑ لیتے ہیں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ دشمن کو پہچانیں اور ان کے آلہ کار ہرگز نہ بنیں۔

دہشت گردی کسی بھی معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ لیتی ہے۔ دہشت گرد معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر اپنے شکنجوں میں کیسے جکڑتے ہیں۔ اور کس طرح پیسے اور عیاشی کی لالچ دیکر اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

دہشتگرد نظام الدین کو 17 اگست 2023 کو پاک فوج پر خودکش حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ شناخت ہونے کے بعد اس کے والد اور بھائیوں کو بیرون ملک سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔ نظام الدین کے والد قدم خان کا کہنا ہے کہ بیٹے کی سنگین غلطی کی وجہ سے آج ان کے خاندان کا روزگار چھن چکا ہے۔ طالبان نے میرے بیٹے کو افغانستان لے جا کر دہشت گردی کی تربیت دی۔ دہشت گرد ہماری نسلوں کو تباہ کر رہے ہیں۔

دہشت گرد نظام الدین کے بھائی وحیداللہ کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی نے میرے بھائی کو پیسے کا لالچ دے کر ورغلایا۔ طالبان نے میرے بھائی کو نشے کے انجکشن بھی لگائے۔ ہمارا خاندان اس وقت انتہائی کرب میں مبتلا ہے، خدارا نوجوان دشمن کو پہچانیں اور اس کے آلہ کار ہرگز نہ بنیں۔ افواج پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ہر قیمت پر جڑ سے ختم کر کے رہے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp