خضدار میں بم دھماکےکا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانہ خضدار میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کرلیا گیا۔
مزید پڑھیں
ترجمان محکمہ انسدا دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کے مطابق، خضدار دھماکے کا مقدمہ انسداد دہشتگری ایکٹ، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل جمعہ کو یوم آزادی صحافت کے موقع پر خضدار میں بم دھماکے میں خصدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل سمیت 3 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق، محمد صدیق مینگل ایک صحافی اور جمعیت علمائے اسلام ف بلوچستان کے نائب امیر بھی تھے۔ صدیق مینگل جامعہ خضدار سے گھر جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک زوردار دھماکے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں صدیق مینگل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔
بعد ازاں دھماکے سے متاثرہ مزید 2 افراد بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد کو گاڑی سے چسپاں کیا گیا تھا اور اسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔