گندم درآمدی وفاق کا فیصلہ تھا، میرے خلاف کارروائی کی خواہش پوری نہیں ہوگی، وزیرداخلہ

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ گندم درآمد کرنے کا فیصلہ وفاق کرتا ہے جس کا پنجاب حکومت سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا کچھ لوگوں کی میرے خلاف کارروائی کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔

ایف آئی اے آفس لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت گندم کسانوں سے خریدتی  ہے نہ کہ بیرونی ممالک  سے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں گندم برآمد کرنے کا وفاقی حکومت کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی نہیں تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ضرورت کے مطابق پاسپورٹ آفس کے اوقات کاربڑھائیں گے اور ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کسی صورت میں جاری نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور ایئرپورٹ کی توسیع  اگلے چند ہفتوں میں شروع کی جائےگی۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی اپنی ٹیم کے ساتھ پوری ایمانداری کے ساتھ کام کیا جس کے لیے میں احتساب کے لیے بھی تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کسی صوبائی حکومت کا گندم خریداری معاملے میں حوالہ نہیں دیا اور میڈیا میں اس حوالے سے معاملے کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سابق نگراں وزیر اعظم نے کہا کچھ اور تھا لیکن حقائق کو جانے بغیر نشر کر دیا گیا۔

’لاہور میں بجلی کی اووربلنگ پر 102 افسران کے خلاف مقدمات درج ہوئے‘

محسن نقوی نے کہا کہ بروقت اقدامات سے اوور بلنگ کے خاتمہ سے میں عوام کو بہت ریلیف فراہم کیا ہے، اپریل کے مہینے میں لیسکو میں کوئی اوور بلنگ نہیں ہوئی، صارفین کو 31 کروڑ یونٹ واپس کیے گئے جس سے عوام کو بہت ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے خاص طور پر لاہور ریجن نے قلیل وقت میں اووربلنگ کے خاتمے کے لیے بہت اچھا کام کیا جس کی وجہ سے اوور بلنگ کافی حد تک رکی ہے، ملوث افسران  کے خلاف 102 مقدمات درج کیے گئے۔

’لاہور ایئرپورٹ پر 8 کاؤنٹرز بڑھادیے گئے‘

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مسافروں کے رش کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے لاہور ایئرپورٹ پر8 کاؤنٹرز بڑھا دیے ہیں جس سے مسافروں کو روانگی اور آمد کے دوران اب  2 سے 3 گھنٹے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

’پاسپورٹ ایجنٹ مافیا کا خاتمہ کیا جارہا ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس میں ایجنٹ مافیا کے خاتمہ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اور جلد ایجنٹ مافیا کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

’اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں تضحیک کی اجازت نہیں دیں گے‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز کے رجحان کو کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، اظہاررائے دہی ہر کسی کا حق ہے لیکن آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی کی تضحیک نہیں ہونے دیں گے لہٰذا اس حوالے سے نئی سائبر باڈی کا قیام عمل میں لایا جا رہے ہے تاہم سائبر ونگ بھی اپنا کام کرتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp