’ایسٹرا زینیکا‘نے کووڈ 19ویکسین کیوں واپس لینا شروع کردی؟

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایسٹرا زینیکا نے کووڈ 19 کیخلاف رجسٹرڈ اپنی معروف آکسفرڈ ایسٹرا زینیکا ویکسین کو دنیا بھر میں واپس لینے کا آغاز کردیا ہے، برطانوی سوئس کمپنی نے چند ماہ قبل عدالتی دستاویزات میں پہلی بار اعتراف کیا تھا کہ ویکسین نایاب اور خطرناک ضمنی اثرات کا باعث بن سکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے رضاکارانہ طور پر اپنی مارکیٹنگ کی اجازت واپس لینے کے بعد ویکسین کو یورپی یونین میں مزید استعمال نہیں کیا جا سکتا، کمپنی کی جانب سے ویکسین واپس لینے کی درخواست 5 مارچ کو دی گئی تھی جس پر گزشتہ روز عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اسی طرح کی درخواستیں آئندہ مہینوں میں برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی دی جائیں گی جنہوں نے مذکورہ ویکسین کی بطور ویکسزیوریا منظوری دی تھی، اس ویکسین کو واپس لینے کے فیصلے سے اس کے استعمال کا خاتمہ ہو گیا ہے، جسے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے ’برطانوی سائنس کی فتح‘ کے طور پر پیش کیا تھا اور  60 لاکھ سے زائد جانیں بچانے کا سہرا دیا گیا تھا۔

دوا ساز کمپنی ایسٹرا زینیکا کے مطابق تجارتی وجوہات کی بنا پر ویکسین کو مارکیٹ سے ہٹایا جا رہا ہے، اب مذکورہ ویکسین تیار یا سپلائی نہیں کی جا رہی ہے، اس کی جگہ دیگر ویکسینز نئی شکلوں سے نمٹنے کے لیے دستیاب ہیں۔

حالیہ مہینوں میں ویکسزیوریا ویکسین اپنے ایک بہت ہی نایاب ضمنی اثر پر، جس کی وجہ سے خون کے جمنے اور خون کے پلیٹلیٹ کی تعداد کم ہوجاتی ہے، سخت جانچ پڑتال کی زد میں آئی ہے۔

ایسٹرا زینیکا نے فروری میں ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے عدالتی دستاویزات میں تسلیم کیا کہ ویکسین بہت کم کیس میں Thrombosis with Thrombocytopenia Syndrome  یعنی ٹی ٹی ایس کا سبب بن سکتی ہے۔

برطانیہ میں ٹی ٹی ایس کم از کم 81 اموات سمیت سینکڑوں مریضوں کو زخموں سے دوچار کرچکا ہے، ایسٹرا زینیکا کے خلاف 50 سے زائد مبینہ متاثرین اور لواحقین ہائی کورٹ میں مقدمہ کرچکے ہیں، تاہم ایسٹرا زینیکا نے اصرار کیا ہے کہ ویکسین واپس لینے کے فیصلے کا عدالتی کیس یا اس کے اعتراف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

ایک بیان میں کمپنی ایسٹرا زینیکا کا کہنا تھا کہ ہمیں عالمی وبائی مرض کے خاتمے میں ویکسزیوریا کے کردار پر ناقابل یقین حد تک فخر ہے، محتاط اندازے کے مطابق، صرف استعمال کے پہلے سال میں 60 لاکھ سے زائد جانیں بچائی گئیں اور عالمی سطح پر تین ارب سے زیادہ خوراکیں فراہم کی گئیں۔

’ہماری کوششوں کو دنیا بھر کی حکومتوں نے تسلیم کیا ہے اور بڑے پیمانے پر عالمی وبائی امراض کو ختم کرنے کا ایک اہم جزو سمجھا جاتا ہے، چونکہ مختلف قسم کی CoVID-19 کے لیے متعدد ویکسین تیار کی گئی ہیں، دستیاب اپڈیٹ شدہ ویکسینز کا ایک فاضل ہے۔‘

کمپنی کے مطابق اس کی وجہ سے ویکسزیوریا کی مانگ میں کمی آئی ہے، جو اب تیار یا سپلائی نہیں کی جا رہی، اسی لیے ایسٹرا زینیکا نے یورپ میں ویکسزیوریا کے لیے مارکیٹنگ کی اجازت کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

’اب ہم ریگولیٹرز اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ اس باب کو ختم کرنے اور کووڈ 19 وبائی مرض میں اہم شراکت کو آگے بڑھانے کے لیے ایک واضح راستے پر آگے بڑھ سکیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp