محکمہ تعلیم راولپنڈی کا 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ تعلیم راولپنڈی نے 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی (ڈی ای اے) کی جانب سے جاری ایک نوٹیفیکیشن میں ضلع کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے 9 مئی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے۔

اس سلسلے میں اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 9 مئی کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے پرنسپل اور ہیڈ ماسٹرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنی قیادت میں جلوس بھی نکالیں جس میں بینرز تھامے اساتذہ اور طلبہ بھی شریک ہوں۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی کے پروگرام کا آغاز 9 بجکر 45 منٹ پر ہوگا اور اس کا اختتام 10 بجکر 20 منٹ پر ہوگا۔ اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 9 مئی کے موقع پر تقریبات اور جلوس کے لیے نظم وضبط کو یقینی بنائیں۔

اسکولوں کے پرنسپل صاحبان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تقریب کے دوران کسی کو اسمبلی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہ دیں، تقریب اور جلوس کی تصاویر 11 بجے تک واٹس ایپ کے ذریعے محکمہ کے ساتھ شیئر کریں۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 9 مئی ایک ناخوشگوار واقعہ کی یاد دلاتا ہے، اس روز چند برے عناصر نے ملک کے ہائی سیکیورٹی ایریاز میں داخل ہوکر بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی تھی۔ اپنے سیکیورٹی اثاثوں اور افواج پاکستان کی ناموس کے تحفظ کے عزم کے اظہار کے لیے اس روز راولپنڈی کے اسکولوں میں تقریبات کا اہتمام کیا جارہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp