سانحہ 9 مئی: مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، چیئرمین سینیٹ

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے شرانگیز واقعات، توڑ پھوڑ اور جناح ہاؤس سمیت اہم حساس تنصیبات پر حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی کرتے ہوئے کہا کہ مہذب معاشروں میں اس قسم کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ساری قوم نے وہ دلخراش واقعات دیکھے اور ان کی بھرپور مذمت بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ ایک  سیاہ دن تھا جب قومی نوعیت کی اہم ترین تنصیبات اور عمارتوں کو توڑ پھوڑ کا نشانہ بنایا گیا اور شہدا کے مجسموں اور یادگاروں کو نقصان پہنچا یا گیا، سب سے بڑھ کر یہ کہ اس روز عوام اور اداروں کو آپس میں لڑوانے کی کوشش کی گئی۔

انھوں نے کہا کہ شہدا ہمارے قومی ہیروز ہیں اور ہر پاکستانی کے دل میں ان کے لیے احترام اور محبت ہے۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اور سیاسی مقاصد اور عزائم کے حصول کے لیے اختیار کیے گئے ایسے غیرقانونی اور غیرآئینی ہتھکنڈے قابل مذمت ہیں اور منصوبہ بندی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس پر آج بھی ہر پاکستانی کا دل افسردہ ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں کے قریب ہیں۔ انھوں نے مادر وطن کے لیے قربانیاں دیں اور قوم انھیں سلام پیش کرتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے تمام سیاسی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آگے بڑھیں، پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے میں اپنا حصہ ڈالیں اور انتشار کے بجائے مثبت طرز عمل اختیار کرتے ہوئے ملک کی مجموعی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp