پاکستان کی ہاکی ٹیم بدھ کو کینیڈا کو ہرا کر 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے، پاکستان اذلان شاہ ہاکی کپ کے 2024 کے ایڈیشن میں اس وقت تک نا قابل شکست ہے۔
مزید پڑھیں
پاکستان کی ہاکی ٹیم نے اپنا پہلا میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف کھیلا جس میں قومی ٹیم نے میزبان ٹیم کے خلاف 4 کے مقابلے میں 5 گول اسکور کیے، دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو صفر کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی، جاپان کے خلاف تیسرا میچ برابر رہا جب کہ کینیڈا کے خلاف چوتھے میچ میں قومی ٹیم نے 4 کے مقابلے میں 5 گول اسکور کر کے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان 4 میچ کھیلنے کے بعد بھی پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن پر براجمان ہے، دوسری جانب جاپان نے بھی ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے، اب فائنل میں پاکستان اور جاپان مد مقابل ہوں گے۔
جاپان نے ملائیشیا کو 1-2 سے شکست دی جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کے 10 ، 10 پوائنٹس ہوگئے جس کی وجہ سے جاپان اور پاکستان کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ گئیں۔
پاکستان اپنے پول کا پانچواں میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 10 مئی کو پاکستانی وقت کے مطابق 1:00 بجے دوپہر کھیلے گا، واضح رہے کہ آسٹریلیا 10 مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ جیت کر ٹاپ پوزیشن پر ہے، بھارت 5 مرتبہ یہ ٹائٹل جیت کر دوسرے نمبر پر جب کہ پاکستان اور جنوبی کوریا نے 3 ، 3 مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے چیمپیئن کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان 6 مرتبہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچنے میں کامیاب رہا ہے۔ جاپان پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے، اس سے قبل جاپان ایک مرتبہ بھی ٹائٹل کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب نہیں رہا۔