بلوچستان کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے سانحہ 9 مئی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک گروہ نے ہمارے اداروں کی تذلیل کی جس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
مزید پڑھیں
کوئٹہ میں جمعرات کو شہدا فورم کے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمال رئیسانی نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں اور شہادتوں کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کسی کو بھی شہدا اور ان کی یادگاروں کا تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور ان محسنوں کی قربانی کی ہمیشہ قدر کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے والد نے بھی شہادت پائی تھی اس لیے انہیں لواحقین کے درد کا بخوبی احساس ہے اور وہ ان کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
گوادر میں بے گناہ لوگوں کو شہادت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے واقعے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان آج شاید زیادہ مصروف تھے اس وجہ سے انہوں نے شہدا کے لواحقین تک کو وقت نہیں دیا۔
رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ شہدا کے لواحقین کے روزگار کو ملازمت کی فراہمی کے لیے نجی اور سرکاری اداروں، اسکولز اور جامعات میں بھی مخصوص کوٹے رکھے جائیں گے۔