کراچی بار ایسوسی ایشن نے لاہور میں وکلا پر تشدد کے خلاف جمعہ سے کراچی میں آدھے دن تک احتجاجاً عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
کراچی بار ایسوسی ایشن کی سٹی کورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ اور سیکریٹری بار اختیار علی چنا نے کہا کہ وکلا پورے پاکستان میں متحد ہیں آج کی ہڑتال اس کا ثبوت ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اگرچہ لاہور کے وکلا آدھے دن تک عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کریں گے، تو جمعہ سے کراچی میں بھی آدھے دن تک عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔
صدر کراچی عامر نواز وڑائچ نے الزام لگایا کہ کھسروں سے مار کھانے والی پولیس میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ وہ وکلا پر تشدد کرے۔ کوئی دوسرا ہاتھ ہے جو وکلا اتحاد کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
عامر نواز وڑائچ کا کہنا تھا کہ تشدد پر پولیس افسران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے، وکلا پر 7 اے ٹی اے کے مقدمے خارج کیے جائیں اور لاہور کے وکلا جو فیصلہ کریں گے اس پر عمل در آمد کیا جائے گا۔