پولیس وکلا تصادم: ملک بھر کے وکیل کل لاہور میں اکٹھے ہوں گے، پاکستان بار کونسل و سپریم کورٹ بار

بدھ 8 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے لاہور میں وکلا کے خلاف پولیس کارروائی پر جمعرات کو ملک گیر احتجاج کی کال دیتے ہوئے صوبائی دارالحکومت میں پورے ملک کے وکیلوں کو اکٹھا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ریاضت علی اور صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت نے کہا کہ وکلا کے مطالبات سابق اور موجودہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جان بوجھ کر ناکام بنا رہے ہیں۔

صدر سپریم کورٹ بار نے کہا کہ موجودہ چیف جسٹس کا ایجنڈا سمجھنے سے قاصر ہوں اور وکلا کےساتھ اختیار کیا گیا رویہ خود دہشتگردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ہائیکورٹ سے اب مذاکرات نہیں ہوں گے اور پولیس فوری واپس نہ گئی تو پھر وکلا جانیں اور پنجاب کی ’جعلی‘ حکومت جانے۔

صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا ماڈل ٹاؤن کورٹس کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔

وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل ریاضت علی  نے کہا کہ سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی مطالبات پر توجہ نہیں دی اور آج جو نوبت آئی ہے وہ چیف جسٹس کی وجہ سے ہی آئی ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری سپریم کورٹ بار علی عمران شاہ نے کہا کہ لاہور انتظامیہ وکلا پر مسلسل شیلنگ کر رہی ہے اور احسن بھون بھی پولیس تشدد اور شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔

ملک بھر کے وکلا جمعرات کو عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے، پاکستان بار کونسل

پاکستان بار کونسل نے لاہور میں وکلاء پر پولیس کاروائی  کی مذمت  کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں تنظیم کے وائس چیئرمین ریاضت علی سحر نے کہا کہ پولیس نے وکلا کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

انہوں نے کہا کہ وکلا سمیت ہر فرد کو پرامن احتجاج میں حصہ لینے کا بنیادی حق حاصل ہے اور پاکستان بار کونسل وکلا کے خلاف پولیس کی بربریت کی ایسی کھلی کارروائیوں کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے وحشیانہ رویے نے وکلا کے وقار اور عزت کو مجروح کیا ہے۔

ریاضت علی نے کہا کہ پنجاب پولیس کے اقدام کی مذمت میں ملک بھر کے وکلا کل مکمل ہڑتال کریں گے اور لاہور کے وکلا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے عدالتوں میں پیش ہونے سے گریز کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp