وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاک فوج کے صبر و تحمل کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے سیاسی دہشت گردوں نے وحشیانہ تخریب کاری کر کے قوم کا سر شرم سے جھکا دیا۔
مزید پڑھیں
مریم نواز نے نئی تعمیر کردہ جناح ہاؤس اور جناح گیلری کے دورے کے موقعے پر کہا کہ سانحہ 9 مئی کے قومی مجرموں کو عبرت ناک سزائیں ملنی چاہییں۔
اس موقعے پر ڈائریکٹر جناح گیلری، بریگیڈیئر ریٹائرڈ ڈاکٹر عدنان سلیم نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو جناح گیلری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
قائداعظم کی نادر و نایاب تصاویر، نوادرات بیدردی سے جلائے گئے، بریفنگ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ 9 مئی 2023 کے سیاہ دن قائد اعظم کی یادگار نادر و نایاب تصاویر اور ان سے وابستہ نوادرات کو بے دردی اور بے شرمی سے جلا دیا گیا تھا اور بابائے قوم کی یادوں کو محفوظ کرنے کے لیے جناح گیلری قائم کی گئی۔
جناح گیلری میں برصغیر میں اسلام کی آمد سے لے کر دو قومی نظریہ کی ترویج، تحریک پاکستان سے قیام پاکستان تک کے کٹھن مراحل اور قائد اعظم کی زندگی کے مختلف ادوار کی تصویری اور تحریری عکاسی کی گئی۔
یہ گیلری اپنی طرز کی پہلی عمارت ہے جہاں ایسے جامع انداز میں قائداعظم کی حیات اور تحریک پاکستان کو خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ جناح گیلری تخریبی سوچ کے جواب میں تعمیری سوچ کی آئینہ دار ہے۔
CM Maryam Nawaz visited Jinnah House, which was vandalized by the rioters on May 9th, and lights up candles in memories of our Martyrs. pic.twitter.com/fYpXOgZe7f
— PMLN (@pmln_org) May 9, 2024
مریم نواز کا جناح گیلری میں قائم لائبریری کا دورہ
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے جناح گیلری میں قائداعظم کا پاسپورٹ اوردیگر دستاویزات بھی دیکھیں۔ انہوں نے جناح گیلری میں قائم لائبریری کا بھی دورہ کیا۔
جناح ہاؤس مسلح افواج کی قائداعظم سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے، بریفنگ
بعد ازاں وزیر اعلٰیٰ پنجاب جناح ہاؤس پہنچیں جہاں انہیں بریف کیا۔ جناح ہاؤس کی شاندار عمارت قائداعظم محمد علی جناح نے سنہ 1943 میں خریدی تھی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ جناح ہاؤس کا قیام مسلح افواج کی قائداعظم سے والہانہ عقیدت کا مظہر ہے۔ 9 مئی کو شرپسندوں نے قائداعظم کی نشانیوں سمیت جناح ہاؤس کو نذر آتش کر دیا اور عمارت کو تباہ کر دیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوختہ جناح ہاؤس کا معائنہ کیا اور تباہی و آتش زدگی کے نتائج دیکھ کر اظہار تاسف کیا۔ انہوں نے جناح ہاؤس کی دیواروں پر شرپسندوں کی بداعمالی کی کالک دیکھ کر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ شہدائے وطن کی یادگاروں کی پامالی ہر محب وطن پاکستانی کے لیے ناقابل برداشت ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی شہدا کے والدین سے ملاقات، اظہار شفقت
دریں اثنا وزیراعلیٰ نے کیپٹن سلمان سرور شہید، قاضی جواد اکرم شہید، کیپٹن ضرغام فرید شہید، لفیٹننٹ سلمان کے والدین سے بھی ملاقات کی اور شہید کی والدہ کو گلے لگایا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے غازی کرنل رضا زیدی سے بھی بات چیت کی۔
جناح ہاؤس پاکستان و قائداعظم زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
جناح ہاؤس میں موجود لوگوں کے پاکستان زندہ باد، قائداعظم زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے شہدا کی یاد میں شمع روشن کی اور احتراماً خاموشی اختیار کی۔
سینیٹر پرویز رشید، سینیئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکریٹری، سی سی پی او اور دیگر بھی موجود تھے۔