اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) شہربانو نقوی کا ہاتھ چومنے کی وجہ بتا دی۔اداکارہ نے مارچ 2024 میں اس وقت اے ایس پی شہربانو کا ہاتھ چوما تھا جب خاتون پولیس افسر نے لاہور میں 26 فروری کو عربی حروف کی کیلی گرافی کے لباس پہننے پر ایک خاتون کو مبینہ توہین مذہب کے الزام میں ہجوم نے مارنے کی کوشش کی تھی، جنہیں اپنی ٹیم کے ساتھ بروقت موقع پر پہنچ کر اے ایس پی شہربانو نے بچایا تھا۔
مزید پڑھیں
مشتعل ہجوم سے خاتون کو بچانے کے بعد اے ایس پی شہربانو نقوی کی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں تعریفیں کی گئی تھیں۔خاتون کو بچانے کے بعد ہی جگن کاظم نے اے ایس پی شہربانو نقوی کا انٹرویو کیا تھا اور اس دوران اداکارہ نے پولیس افسر کا ہاتھ چوما تھا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
حال ہی میں جگن کاظم نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں ان سے اے ایس پی شہربانو کے ہاتھ پر بوسہ دینے سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں جگن کاظم کا کہنا تھا کہ اے ایس پی شہربانو کی عمر 24 یا 25 سال ہے، وہ ابھی بہت کم عمر ہیں اور وہ ان کی سوتیلی بیٹی سے بھی کم عمر ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی سوتیلی بیٹی کی عمر 26 سال ہے جب کہ اے ایس پی شہربانو نقوی کی عمر 25 سال ہے اور وہ بچوں سے پیار کرتی ہیں، اس لیے بھی انہوں نے ان کا ہاتھ چوما۔جگن کاظم نے مزید کہا کہ چھوٹی سی بہادر پولیس افسر بچی نے بہادری کا وہ کام کیا جو ان سے سائز میں تین گنا بڑے مرد بھی نہ کر سکے۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ ایسے بہادری کے کام کرنے والی بچیوں کو ہزار بار بوسہ دیں گی، جس نے جو کرنا ہے، وہ کرے۔