پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس سے تجاوز کر گیا

جمعہ 10 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے تاریخ میں پہلی بار100 انڈیکس میں 73 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرتے ہوئے تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہونے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔

جمعہ کو کاروباری سیشن کے اختتام پر بینچ مارک کراچی اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں 427 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ہوا جس کے بعد انڈیکس 73 ہزار 85 پوائنٹس پر بند ہوا۔

مارکیٹ کی سرگرمی میں اضافے کو کئی عوامل سے منسوب کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر شرح سود میں ممکنہ کمی کی توقع، مانیٹری پالیسی میں نرمی کے امکانات سے خوش ہو کر سرمایہ کاروں نے اسٹاک مارکیٹ میں بھرپور شرکت جس سے ایکویٹیز کی مانگ میں اضافہ ہوا۔ اس سے جمعہ کو اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے کو ملی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ہفتے کے آخری کاروباری روز کا آغاز قابل ذکر اضافے کے ساتھ کیا، جس سے زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور سرمایہ کاروں کی زبردست حوصلہ افزائی ہوئی۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج(کے ایسی ای)  100 انڈیکس میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ 73 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے تجاوز کر گئی جو ملک کے معاشی منظرنامے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 374 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں 73 ہزار 32 پوائنٹس کی متاثر کن سطح پر ٹریڈ نگ ہوئی جو مارکیٹ میں شیئر ہولڈرز کے جوش و خروش کی عکاسی کرتی ہے۔

انڈیکس میں اضافے کے ساتھ ہی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا، جس سے مارکیٹ میں نئی امید پیدا ہوئی۔ جمعہ کا آغاز ہی انتہائی مثبت انداز میں ہوا، صبح ہی کے ایس ای 100 انڈیکس میں 218 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 72 ہزار 876 پوائنٹس پر مستحکم رہا۔

چند لمحوں بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں مزید تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 314 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل مختلف سیشنز میں خاطر خواہ اضافے سے سرمایہ کاروں میں بڑھتی ہوئی امید کی عکاسی ہوتی ہے جس کی وجہ مضبوط معاشی بنیادیں اور مارکیٹ کے مثبت اعشاریے ہیں۔ 73,000 پوائنٹس کی نفسیاتی حد کو عبور کرنا اسٹاک ایکسچینج کے لیے انتہائی خوش آئند ہے۔

حصص بازار میں جمعہ کو 74 کروڑ شیئرز کے سودے سوا 25 ارب روپے میں طے ہوئے جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 57 ارب روپے سے بڑھ کر 9 ہزار 878 روپے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp