سعودی سرمایہ کاروں کی آمد، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو پر لگ گئے

پیر 6 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر  تیزی کا رجحان رہا۔ 100 انڈیکس 73 ہزار کی سطح عبور کرگیا اور 100 انڈیکس میں 862 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 72 ھزار 764 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ مارکیٹ میں 1.2 فیصد کاروبار ہوا۔ انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران 73 ہزار 60 پوائنٹس تک ٹریڈ ہوا مارکیٹ میں 23 ارب روپے کے 54 کروڑ حصص کا کاروبار ہوا مارکیٹ میں 257 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ جبکہ 107 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی۔ معاشی ماہرین کے مطابق سعودی سرمایہ کاری وفد کا دورہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ کے لیے مثبت ثابت ہوا۔

معاشی ماہر شہریار بٹ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے حوالے سے بہت مثبت اپڈیٹس مل رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جمعے کو خبر آئی کہ 50 رکنی سعودی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا جس کی وجہ سے مارکیٹ نے بہت اچھا رد عمل دیا۔

شہریار بٹ نے کہا کہ ایک خصوصی سرمایہ کاری کانفرنس کا آغاز ہو رہا ہے اسلام آباد میں جس میں سرمایہ کاروں کی جانب سے مختلف یاداشتوں پر دستخط ہو سکتے ہیں، ریکوڈیک کے حوالے سے 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی خبروں کے ساتھ ساتھ اگر سعودی وفد کا دورہ کامیاب ہوتا ہے تو نہ صرف معیشت بلکہ اسٹاک مارکیٹ کے لیے بہت بڑا بریک تھرو ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ بھی معاشی معاملات پاکستان نے تیز کردیے ہیں اور اسحاق ڈار کے بعد وزیراعظم شہباز شریف بھی اگلے ماہ دورہ کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کا وفد بھی پاکستان کا دورہ کرے گا جو آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے طویل مدتی پروگرام کے آغاز کا سنگ بنیاد ثابت ہو سکتا ہے۔

شہریار بٹ نے کہا کہ کافی مثبت خبریں سامنے آرہی ہیں اور لگ رہا ہے کہ حکومت معیشت کے حوالے سے بہت سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے اور نجکاری کے ضمن میں مثبت خبریں آنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام چیزوں کے باوجود ورلڈ بنک کی جانب سے یہ بیان کہ پاکستان کے اخراجات آمدن سے زیادہ ہیں تشویشناک ہے اور اس حوالے سے اصلاحات کرنا بہت ضروری ہے تا کہ معیشت بہتر ہوسکے۔

معاشی ماہر عدنان پراچہ کا کہنا ہے کہ ہمیں یہی امید تھی کہ نئی حکومت آنے سے معیشت پر چلنے والی پالیسی کو پر لگ جائیں گے جو لگتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت میں ریاست اور خاص طور پر پاکستان فوج نے جو کردار نبھایا اور نبھا رہی ہے یہ ملک کی معیشت کے لیے خوش آئند ہے اور مستقبل پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بہت بہتر ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی وفد کی پاکستان آمد سمیت تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں اور آنے والے دنوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کی امید کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف سے بھی بڑے معاہدوں کی توقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp