آزاد کشمیر میں وہی ہو رہا ہے جو مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کررہی ہے، شیریں مزاری

پیر 13 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی سابق رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں اس وقت وہی کچھ ہورہا ہے جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر میں کررہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے جائز مطالبات مان لے، اس حد تک ادھر آگ پھیل گئی ہے اور کسی کو اس بارے میں پتا نہیں تھا۔

شیریں مزاری نے کہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر ایک ٹوئٹ کی ہے، کیا وہ صرف ٹوئٹ سے کام چلائیں گے، کچھ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہوتی تو یہ صورتحال نہ ہوتی، اب ہم کشمیریوں کے ساتھ وہی کررہے ہیں جو بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مودی حکومت کشمیریوں کے ساتھ کررہی ہے، حکومت خدا کا خوف کرے، اس طرح کشمیریوں کے ساتھ نہ کرے، سنجیدگی سے ان کے مسائل حل کرے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں عوامی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر بجلی بلوں اور آٹے کی قیمت میں کمی کے لیے احتجاج آج چوتھے روز بھی جاری ہے، آزاد کشمیر بھر سے احتجاجی قافلے مظرآباد کی طرف رواں دواں ہیں۔

احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات کے حق میں مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے باہر دھرنا دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp