وزیراعلی پنجاب کا نواز شریف کے ہمراہ میو اسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ

منگل 14 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے لیگی قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ میو اسپتال کے چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

وزیراعلی پنجاب اور نواز شریف نے ٹرائیج ایریا میں مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی اور اسٹیپ ڈاؤن ایریا، نرسنگ روم، نیو نیٹل بلاک اور فارمیسی کا بھی معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں چائلڈ لا ئف فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایمرجنسی بلاک کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کی ایڈمنسٹریٹر بشریٰ عباس نے مریض کے داخلے،تشخیص اور علاج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا، وزیراعلی مریم نوازشریف اور قائد محمد نواز شریف نے اس موقع پر مریض بچوں کے والدین سے بات چیت کی علاج کے ضمن میں ان کی تجاویز بھی سنیں۔

میو ایمرجنسی وارڈ کے دورے کے بعد صوبے بھر میں چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سرکاری دفاتر اور اسپتالوں میں کام کی اخلاقیات بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔

مریم نوازشریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ہیلتھ سیکٹر کی تباہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ماضی میں پرائیویٹائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے، بہتر ین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے، اسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں پنجاب کے اسپتالوں میں او پی ڈی کے اوقات کار رات 10 بجے تک بڑھانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا اور اسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت  بھی کی گئی۔

چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو احسن ربانی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے کسی بچے کو کوالٹی ایمرجنسی کیئر سے 30 منٹ سے زیادہ دور نہیں ہونا چاہیے، ہر چائلڈ ایمرجنسی میں تیز ترین آٹو میشن سسٹم سے مریض بچے کی جان بچائی جاسکتی ہے۔

احسن ربانی کے مطابق پنجاب بھر میں 153 ہسپتالوں کی ایمرجنسی وارڈ میں ٹیلی میڈیسن پروگرام فعال ہوچکا ہے۔، کراچی، اسلام آباد اور لاہور میں ٹیلی میڈیسن کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے 18 اسپتالوں میں جدید ترین چائلڈ ایمرجنسی بلاک قائم ہوں گے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، خواجہ سلمان رفیق، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، ڈاکٹر اظہر کیانی، ڈاکٹر عدنان خان اور ڈاکٹر محمود ایاز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp