کراچی: ایف آئی اے کی کارروائی، ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث گینگ کا سرغنہ گرفتار

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے حوالہ ہنڈی اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فرخت میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرتے ہوئے منظم گینگ کا سرغنہ گرفتار کرلیا، یہ گینگ ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث تھے، ملزم علی سلمان کو حسرت موہانی روڈ کراچی سے گرفتار کیا گیا، ملزم حسرت موہانی روڈ میں واقع چپل پلازہ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزم بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا، ملزم کے قبضے سے 12ہزار امریکی ڈالر اور موبائل فون برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم کے موبائل فونز سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق پیغامات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

’ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کرسکا‘۔

ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈیفنس فیز6 میں لڑکی کی لاش کا معاملہ، مقدمہ درج

کراچی کے ڈیفنس فیز6 میں مکان سے لڑکی کی لاش ملنے کے واقعے کا مقدمہ والد ہیرا کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا کہ میری بیٹی پاریہ نے فون پر بات کرتے ہوئے پریشانی ظاہر نہیں کی تھی، بنگلے کے مالک کے بیٹے شہروز نے فون کال کرکے بچی کی خودکشی کی اطلاع دی اور کراچی پہنچنے کا بولا۔

ایف آئی آر میں لکھا گیا کہ اطلاع ملنے پر مدعی نے اپنے بھائی رمیش کو بنگلے پر جانے کا بولا، کراچی پہنچا تو بچی کی لاش جناح اسپتال میں موجود تھی، بھائی رمیش کو بنگلے کے مالکان نے بتایا کہ پاریہ نے پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔

درج مقدمے کے مطابق والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کی حفاظت بنگلے کے مالکان کی ذمہ داری تھی، ان کی بیٹی کو قتل کیا گیا ہے۔ ان کی بیٹی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد پاریہ کی موت کی وجوہات محفوظ کرلی گئی تھیں، 16 سالہ پاریہ کی لاش ڈیفنس فیز 6 خیاباں بخاری کے گھر سے ملی تھی، پاریہ 10 ماہ سے اسی گھر میں بطور ملازمہ کام کررہی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp