قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مزاحیہ ڈرامے ہورہے ہیں، انور مقصود

بدھ 15 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف ادیب و دانشور انور مقصود نے کہا ہے کہ میں زیادہ تر مزاح لکھتا تھا لیکن اب تو مزاحیہ ڈرامے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ہورہے ہیں۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے بلوچستان میں ہونے والے دو روزہ ’پاکستان لٹریچر فیسٹیول‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انور مقصود نے کہاکہ ان کو دیکھ دیکھ میں ویسے تو نہیں لکھ سکتا اس لیے میں نے تھوڑا سا وقفہ لیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تہذیب کی کمی ہوئی ہے، حالات بدلیں گے، دن سدھریں گے تو وہ تہذیب قلم میں بھی آجائے گی تو لوگ لکھیں گے۔

انور مقصود نے کہاکہ میری عمر کے لوگ اس ملک کے مجرم ہیں، ہم نے آپ لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ہم صرف لوگوں کو آتے جاتے دیکھتے رہے، بلو چستان سب سے بڑا اور خوبصورت صوبہ ہے، سب کچھ ہے اس صوبے میں، لیکن یہاں کے لوگوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں ہوا۔

انور مقصود نے بلوچستان کے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ زمین آپ کی ہے، یہ ملک آپ کا ہے، یہ آسمان آپ کا ہے، آپ پاکستان کے لیے کام کریں۔

عدنان صدیقی کی نظامت میں ہونے والے سیشن میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انور مقصود نے کہاکہ ہم جس دور سے گزر رہے ہیں یہ مشکل دور ہے، مہنگائی ہے، پریشانی ہے مگر چند لوگوں کو امید ہے کہ حالات ٹھیک ہو جائیں گے، لیکن اب مجھے وہ چند لوگ نظر نہیں آرہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp