ٹی20 ورلڈ کپ: پاک بھارت ٹاکرے کے لیے آئی سی سی کا ایجبسٹن اسٹیڈیم کو فین پارک بنانے کا اعلان

جمعرات 16 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایجبسٹن اسٹیڈیم اگلے ماہ بھارت اور پاکستان کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے میچ کے لیے ایک بڑے فین پارک میں تبدیل ہونے کے لیے تیار ہے۔ پہلی بار آئی سی سی برطانیہ کے شائقین کو ایجبسٹن اسٹیڈیم سے لائیو دیکھنے کا موقع دے رہا ہے، جہاں شائقین ایک بڑی اسکرین پر ایکشن دیکھ سکیں گے۔

ہر بار کی طرح اس بار بھی کرکٹ شائقین کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹاکرے کا بے چینی سے انتظار ہے، تاہم پوری دنیا سے کرکٹ شائقین اس ٹاکرے کو دیکھنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں، اور جہاں جہاں کرکٹ شائقین موجود ہیں وہ بڑی اسکرینوں پر اس میچ سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اس بار امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کی ایک خاص بات یہ ہے کہ آئی سی سی نے پاک بھارت میچ کے لیے برطانیہ کے ایجبسٹن کرکٹ اسٹیڈیم میں بڑی اسکرین نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں پاک بھارت میچ کی لائیو اسٹریمنگ دکھائی جائے گی۔

ایجبسٹن میں کرکٹ شائقین بڑے مقابلے سے لطف اندوز تو ہوں گے ہی لیکن ساتھ ہی موسیقی اور انٹرٹینمنٹ کا تڑکا بھی ہوگا۔ شائقین کامیڈین اور کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز کے ساتھ اسٹیج پر آنے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے سابق کھلاڑیوں سے لطف اندوز ہوں گے۔

خیال رہے آئی سی سی کی جانب سے عالمی سطح پر بڑی اسکرین نصب کرنے کے لیے گراؤنڈ کی تصدیق کردی گئی ہے، اتوار 9 جون کو ایجبسٹن میں کھیل کے لیے 8ہزار سے زائد شائقین کے جمع ہونے کی توقع بھی کی جارہی ہے۔

ایجبسٹن کے چیف ایگزیکٹیو سٹورٹ کین نے کہا کہ ہم ملک میں واحد مقام ہیں جسے آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈ کپ کے فین زون کے مقام کے طور پر منتخب کیا ہے جو حیرت انگیز ہے۔

واضح رہے میچ کو لائیو کمنٹری کے ساتھ بڑی اسکرینوں پر دیکھنے کے علاوہ شائقین ایک بڑے فیملی پکنک ایریا تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے جس میں کرکٹ اسکل چیلنجز اور ہندوستانی اور پاکستان دونوں کمیونٹیز کی ثقافتی پرفارمنسز شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp