بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں آرٹس کونسل کے زیر اہتمام 2 روزہ پاکستان ادبی میلے کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ادبی میلے میں ملک بھر سے نامور شعرا کرام، اداکار، مصنف، ادیب، موسیقار اور صحافیوں سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
ادبی میلے کے دوسرے روز معروف شاعر تہذیب حافی اور اداکار یاسر حسین کے درمیان دلچسپ مکالمہ اس وقت ہوا، جب تہذیب حافی اپنی دلچسپ نظموں اور غزلوں سے شائقین کی داد وصول کر رہے تھے اور دوسری جانب یاسر حسین اپنے منفرد سوالوں سے پروگرام میں مزاح کا عنصر پیدا کر رہے تھے۔
تہذیب حافی اور یاسر حسین کے درمیان مکالمے کے اختتام پر شرکا سے سوالات کا سلسلہ شروع ہوا جس میں متعدد شرکاء نے شاعری کی نئی تراکیب پر تہذیب حافی سے مشورہ کیا۔ تاہم شرکا میں سے ایک شخص نے اداکار یاسر حسین سے سوال کیا کہ جب آپ نے ایک ایوارڈ شو کے درمیان اپنی ہمسفر اقرا کو شادی کی پیشکش کی تو آپ کنفیوز نہیں ہوئے۔
اس سوال پر پہلے یاسر حسین تھوڑا سا شرمائے اور پھر جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں ان سے آج بھی بات کرتے ہوئے کنفیوز ہو جاتا ہوں یہ تو صرف آپ لوگوں کے سامنے شیر بنتا ہوں۔ اس دوران مزاحیہ لہجے میں شاعر تہذیب حافی نے کہا کہ یہ مائک آپکو مجھ سے سوال کرنے کے لیے دیا گیا تھا ناکہ یاسر حسین سے۔
سیشن کے اختتام پر یاسر حسین اور تہذیب حافی نے اسٹیج سے سلفیاں لیں۔