محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقے اگلے 10 دن تک شدید گرمی کی لپیٹ میں ہوں گے۔ تاہم ملک کے شمالی علاقوں میں گردو غبار کے طوفان، گرج چمک اور تیز بارشوں کا امکان بھی ہے۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ دیا ہے کہ بالائی فضا میں ہائی پریشر کی موجودگی کے نتیجے میں ملک کے بیشتر حصوں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں 21 مئی تک لُو چلنے (ہیٹ ویو) جیسی صورتحال ہوگی جس کی شدت 23 سے 27 مئی تک مزید بڑھ جائے گی۔
سندھ اور پنجاب میں 21 سے 23 مئی تک دن کے وقت کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ جبکہ 23 سے 27 مئی تک 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں
اسلام آباد، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 21 سے 27 مئی تک دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ متعلقہ حکام سے کہا گیا کہ وہ الرٹ رہیں اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی تعریف درجہ حرارت 3 یا اس سے زیادہ دنوں تک معمول کی حد سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کے طور پر کی ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر کوئٹہ، ژوب، زیارت، شیرانی، بارکھان، قلات، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، خاران اور مستونگ میں گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، وزیرستان، کوہاٹ، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسمٰعیل خان، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان اور کرم میں بھی ایسا ہی موسم متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھانوتی، کوٹلی، بھمبر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں گرد آلود ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سندھ میں سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ اور دادو میں اسی طرح کا موسم متوقع ہے۔
تیز دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے اجتناب کیا جائے
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں پر ممکنہ اثرات پڑنے سے خبردار کیا اور انہیں انتظامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ لوگوں کو براہ راست سورج کی روشنی میں غیر ضروری نمائش سے بچنے اور پانی پینے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔ انتہائی خشک موسم اور ہیٹ ویو پنجاب، خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان میں جھاڑیوں اور جنگل میں آگ لگنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
ہیٹ ویو سے بچنے کی چند احتیاطی تدابیر
گھر سے باہر نکلتے ہوئے پانی کی بوتل اپنے پاس رکھیں اور طبیعت بگڑنے پر فوری پانی کا استعمال کریں، ویسے بھی پانی کا استعمال کرنا فائدہ مند رہتا ہے، سر کے اوپر ہلکا ٹھنڈا کپڑا رکھ کر چلیں یا سفر کریں تو زیادہ بہتر ہے۔
انتہائی سخت گرمی اور دھوپ میں زیادہ دیر تک مشقت والا کام کرنے سے گریز کریں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے کی زحمت نہ کریں۔
گھر کو ہوادار اور ٹھنڈا رکھنے کے انتظامات کریں، زیادہ گرمی ہونے کی صورت میں نہائیں۔ زیادہ پانی اور ہلکی پھلکی غذاؤں کا استعمال کریں جو نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے سمیت جسم میں پانی کی نمکیات کو برقرار رکھنے میں مددگار ہوں۔
گزشہ روز سب سے زیادہ گرمی (49 ڈگری سینٹی گریڈ) نوابشاہ میں پڑی
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گزشہ روز سب سے زیادہ گرمی نوابشاہ میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو 48، سکھر 46، حیدر آباد، بہاولپور 45، لاہور، ملتان، ساہیوال، سرگودھا، 44 جبکہ فیصل آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔