بھارتی لوک سبھا کے انتخابات: 5ویں مرحلے میں کون سے اہم سیاستدان میدان میں ہیں؟

پیر 20 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لیے آج پولنگ جاری ہے، بہار، اتر پردیش، مغربی بنگال، مہاراشٹر، بریلی، امیٹھی، بارہ مولہ، ریاستوں میں عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔

پانچویں مرحلے میں اترپردیش میں 14، مہاراشٹر میں 13، مغربی بنگال میں 7، بہار اور اڑیسہ میں 5,5، جھارکھنڈ میں 3 اور جموں و کشمیر میں ایک حلقے میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔

 اہم امیدواروں میں اترپردیش سے کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی، امیٹھی سے سمرتی ایرانی اور مقبوضہ کشمیر کے حلقے بارہ مولہ سے نیشنل کانفرنس کےعمرعبد اللہ شامل ہیں، راہول گاندھی کیرالہ کے وایناڈ سے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، جہاں 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جا چکے ہیں۔

اتر پردیش کے ایودھیا شہر میں بھی پولنگ ہورہی ہے، جو حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست کا مرکز رہا ہے، بی جے پی  نے گزشتہ انتخابات میں یہاں سے 32 نشستیں اپنے نام کی تھی، جاری انتخابات میں بی جے پی  40 نشستوں اور کانگریس 18 نشستوں پر اپنی قسمت آزمائی کررہی ہے۔

 اترپردیش کے علاقے قیصر گنج میں بھی پولنگ جاری ہے، یہ حلقہ بی جے پی کے امیدوار اور ’کشتی فیڈریشن‘ کے سابق صدر برج بھوشن شرن سنگھ کا ہوا کرتا تھا، لیکن خاتون پہلوانوں کی جانب سے ان پر جنسی استحصال کے الزام اور ان کے خلاف دھرنے کی وجہ سے اس بار بی جے پی نے ان کے بیٹے کرن بھوشن سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے بارہمولہ حلقے سے نیشنل کانفرنس کے عمر عبد اللہ جو مقبوضہ وادی کے وزیر اعلی بھی رہ چکے ہیں،  اور پیپلز کانفرنس کے سجاد لون میدان میں ہیں۔

ماضی میں امیٹھی میں کانگریس کی سینئر رہنما سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے حلقے رہے ہیں، انتخابات 2024 میں سونیا نے خرابی صحت کی بنا پر حصہ نہیں لیا ہے، تاہم انہوں نے حلقے کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے بیٹے راہول گاندھی کو کامیاب کروائیں، گزشتہ سونیا گاندھی نے رائے بریلی میں ایک جلسے میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا بیٹا انہیں سونپ رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بی جے پی رہنما کی مسلمان رکن لوک سبھا کے بارے میں نفرت انگیز گفتگو

امیٹھی سے بی جے پی نے پھر اسمرتی ایرانی کو میدان میں اتارا ہے جنہوں نے گزشتہ انتخابات میں اسی حلقے سے سونیا گاندھی کو شکست دے دوچار کیا تھا، جبکہ اس حلقے سے کانگریس کی جانب سے کے ایل شرما کو میدان میں اتارا گیا ہے، اس حلقے میں بی جے پی اور کانگریس دونوں نے ہی بھر پور مہم چلائی ہے، دونوں پارٹیاں اپنی اپنی جیت کا دعوی کررہی ہیں۔

مہاراشٹر کے نارتھ ممبئی حلقے سے بی جے پی امیدوار پیوش گوئل اور کانگریس کے بھوشن پاٹل مدمقابل ہیں،حاجی پور بہار سے لوک جن شکستی پارٹی کے چراغ پاسوان اور سارن بہار سے بی جے پی کے راجیو پرتاپ روڈی، راشٹریہ جنتا دل کی سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی بیٹی روہنی آچاریہ قابل ذکر امیدوار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ’خود کو ناچتے دیکھ کر مزہ آیا‘ نریندر مودی کا اپنی وائرل ویڈیو پر تبصرہ

یاد رہے کہ لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں 19 اور 26 اپریل پولنگ ہوئی تھی، تیسرے اور چوتھے مرحلے میں 7 اور 13 مئی کو پولنگ ہوئی تھی، چھٹے مرحلے میں 25 مئی کو اور ساتویں اور آخری مرحلے میں یکم جون کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔

انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 جون کو ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp