اسلام آباد، فیصل آباد اور کراچی میں پی ٹی آئی کب جلسے کرے گی، تاریخیں سامنے آگئیں

منگل 21 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 8 جون کو اسلام آباد ایف9 پارک میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست بھی دے دی ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ عمر ایوب کے بیان کے مطابق تحریک انصاف 8 جون کو اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں جلسہ کرے گی، فیصل آباد میں 24 یا 30مئی کو اور اسی طرح کراچی میں جلسہ کرنے کی مجوزہ تاریخ 2جون ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ منگل کو لاہور ہائیکورٹ میں فیصل آباد میں جلسے کی اجازت سے متعلق سماعت ہے، آج لاہور ہائیکورٹ میں فیصل آباد میں 24 یا 30 مئی کو جلسے کرنے کی اجازت طلب کرنے کے حوالے سے تحریک تحفظ آئین پاکستان کی درخواست پر سماعت بھی ہونی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ نے سندھ ہائیکورٹ میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں سندھ حکومت کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ 23 مئی تک پی ٹی آئی کے ساتھ مقامات کو حتمی شکل دے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی صورت میں سندھ حکومت کو توہین عدالت کی سزا دی جائے گی۔ کراچی میں جلسہ کرنے کا ٹارگٹ 2جون رکھا گیا ہے۔

واضح رہے تحریک تحفظ آئین پاکستان نے 8جون کو اسلام آباد میں جلسے کے لیے درخواست دی، این او سی کے لیے درخواست ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان اخونزادہ حسین نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو جمع کرائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp