بشکیک واقعہ کے حقائق جاننے کے لیے کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، اسحاق ڈار

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بشکیک میں پیش آنے والے واقعہ اور پاکستانی طلبا پر حملوں سے متعلق حقائق جاننے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ پاکستان کے غیر قانونی 1100ورکرز کو ریگولرائز کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک نیوز بریفنگ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ سیکرٹری ایڈمنسٹریشن محمد سلیم ہوں گے۔ یہ کمیٹی تعین کرے گی کہ یہ واقعات کس وجہ سے پیش آئے اور کرغزستان میں پاکستانی مشن نے اس معاملے پر اپنا فرض کس حد تک نبھایا۔

’یہ کمیٹی 2 ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی، تاہم آج شام تک کمیٹی کے قیام سے متعلق نوٹیفیکیشن جاری کردیا جائے گا۔‘

انہوں نے بتایا کہ آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) وزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی، اس اجلاس کے دوران کرغزستان کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں بشکیک واقعہ اور پاکستانی طلبا سے متعلق معاملہ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں کرغز وزیر سے درخواست کی کہ میں خود بشکیک جاکر اسپتال میں داخل پاکستانی طلبا اور شہریوں سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایس سی او اجلاس کے بعد وہ بشکیک گئے اور اسپتال میں پاکستانی شہریوں سے ملاقات کی۔ مجھے پتہ چلا کہ 3 طالب علم زخمی ہیں، میں نے ان سے کہا کہ میں زخمی طالب علموں سے بھی ملوں گا، پتہ چلا کہ 3 میں سے 2 زخمی طالب علم ڈسچارج ہو کے چلے گئے ہیں، صرف ایک شخص جس کے جبڑے پہ چوٹ آئی تھی وہ زیر علاج تھا۔

غیر ملکی طالب علم ہمارا اثاثہ ہیں، وزیر خارجہ کرغستان

اسحاق ڈار کہتے ہیں کہ ان کے وزیر خارجہ نے بتایا کہ ایک غیر متوقع صورتحال تھی، جس میں صرف پاکستانی نہیں کئی اور ممالک کے لوگ بھی نشانہ بنے ہیں، میں نے ان سے پوچھا کہ تشدد کرنے والوں کے خلاف کیا کر رہے ہیں؟ تو ان کے صدر نے تقریر میں کہا کہ غیر ملکی طالب علم ہمارا اثاثہ ہیں، تشدد کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔

’مجھے پہلے نہیں پتا تھا مجھے سفیر صاحب نے بتایا کہ کرغزستان میں پاکستان کے 1100لوگ غیر قانونی کام کرتے ہیں، میں نے کرغزستان کے حکام سے کہا کہ ان 1100لوگوں کو ڈیپورٹ کرنے کے بجائے ریگولرائز کریں۔ کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ وہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی سے بات کرکے ان لوگوں کو ویزے جاری کریں گے۔

’کرغزستان کے نائب وزیراعظم نے کہا کہ غیر قانونی ورکرز کو ریگولرائز کرنے کے حوالے سے ہم آپ کی خواہش کا احترام کریں گے اور اس کو امیگریشن حکام سے بھی منظور کروائیں گے‘۔

اب تک 3ہزار 233 طالب علم واپس آچکے ہیں، اسحاق ڈار

انہوں نے بتایا کہ حکومت کے توسط اور کمرشل فلائٹس کے ذریعے اب تک 3ہزار 233 طالب علم واپس آچکے ہیں، 513 طالب وفاقی حکومت اور 290 خیبرپختونخوا کے فلائٹس انتظامات کے ذریعے واپس آرہے ہیں۔

واپس آنے والے طالب علموں کے مستقبل کے حوالے سے سوال کے جواب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ کرغزستان کی حکومت نے یقین دہانی کروائی کہ امن قائم ہوچکا ہے۔ یہ بات گو کہ اچھی نہیں لیکن یہ جو لوگ کرغزستان سے میڈیکل کی تعلیم لے کر آتے ہیں ان بچوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیوں ایسی تعلیم لے رہے ہیں جس کو پی ایم ڈی سی تسلیم نہیں کرتی اور ان کو مشکلات آتی ہیں۔

ایسی تعلیم کیوں لے رہے ہیں جو پی ایم ڈی سی تسلیم نہیں کرتی، اسحاق ڈار

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب نے میری سربراہی میں اس معاملے کو دیکھنے کے لیے بھی کمیٹی فارم کر دی ہے۔ وہاں بھی نجی تعلیمی ادارے ہیں اور ہم دیکھ رہے کہ پاکستان میں مزید میڈیکل کے تعلیمی اداروں کو کن شرائط پر اجازت دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ کرغستان کو افرادی قوت کی ضرورت ہے، میں نے ان سے کہا کہ ہم سے افرادی قوت لیں، ایجنٹوں کے ذریعے نہیں، حکومت سے افرادی قوت لیں، ان کے صدر نے کہا کہ آپ کے لوگ بہت محنتی ہیں اور قانون کی پابندی کرتے ہیں۔ کرغزستان نے اتفاق کیا کہ آپ سے براہ راست حکومت کے ذریعے افرادی قوت لیں گے۔ کرغزستان اپنا انفراسٹرکچر ڈیویلپ کر رہا ہے اور انہیں افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

ہمارا میڈیکل تعلیم کا نظام بین الاقوامی معیار کا ہے، وزیر خارجہ

انہوں نے کہا کہ طالب علموں کا تعلیمی تسلسل نہ ٹوٹے اس حوالے سے جمعے کو اجلاس کر رہے ہیں، طالب علم شکریہ ادا کر رہے تھے، طالب علموں نے کہا کہ ان کی ڈگریوں کو پی ایم ڈی سی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تسلیم کرانے کے لیے کام کریں۔ ہمارا میڈیکل تعلیم کا نظام بین الاقوامی معیار کا ہے، اس پر سمجھوتہ تو نہیں کرسکتے لیکن دیکھیں گے کہ کیا کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرغزستان میں ہمارا 2رکنی مشن ہے، لیکن جونہی صورتحال پیدا ہوئی ہم نے یہاں سے سینئر بندے بھجوا دیے، اور کرغزستان کے پڑوسی ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں کے عملے کو بھی بلوا لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp