کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں افسوس ناک واقعے کے بعد پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، پیر کو مزید 300 سے زیادہ طلبا خصوصی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور لاہور پہنچے۔
مزید پڑھیں
بشکیک سے آنے والے طلبا کا اسلام آباد اور لاہور کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر حکام نے استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے 179 جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے 175 طلبا کا استقبال کیا۔
حکومت کی جانب سے طلبا کے لیے کھانے اور گھروں کو روانگی کے لیے ٹرانسپورٹ کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ طلبا کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز کا اہتمام بھی کیا گیا۔
کرغزستان میں پاکستانی طلبا پر تشدد کے معاملہ پر قومی ایئر لائنز پی آئی اے کی جانب سے پاکستانی طلبا کو بشکیک سے وطن واپس لانے کے لیے 2 خصوصی پروازیں شیڈول کردی گئی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام کو پاکستانی طلبا کا تحفظ یقینی بنانے اور ان کے محفوظ انخلا کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے وزیر خارجہ ، دفتر خارجہ ، پاکستانی سفارتخانہ اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کرغزستان میں پیدا ہونے والی صورتحال سے اپنے شہریوں بالخصوص طلبا کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی اور غیرملکی طلبا کے درمیان ہنگامہ آرائی ہوئی تھی جس کی زد میں پاکستانی طلبا بھی آئے تھے۔