کن یورپی ممالک نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے؟

بدھ 22 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپی ملک اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا اور یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگلے ہفتے 28 مئی کو تینوں ملک اس فیصلے کا باقاعدہ اعلان کردیں گے۔ دوسری جانب اسرائیل نے اس فیصلے کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اپنے سفیروں کو ان ملکوں سے واپس بلا لیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اہم یورپی ملک ناروے نے فلسطین کو بطور ریاست باقاعدہ تسلیم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہوسکتا اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ناروے 28 مئی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرش حکومت نے بھی آج اپنے اس ارادے کا اظہار کیا ہے کہ وہ بہت جلد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ مزید ممالک اس اقدام میں ہمارا ساتھ دیں گے۔

علاوہ ازیں ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسپین 28 مئی کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا یہ فیصلہ اسرائیل کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی حماس کے حق میں ہے، ہمارا یہ فیصلہ صرف اور صرف امن کے حق میں ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے فوری مشاورت کے لیے ناروے اور آئرلینڈ سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے، اور ان ممالک کے اس فیصلے کو گمراہ کن قرار دیا ہے۔

واضح رہے غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے ممالک آئرلینڈ، اسپین، سلووینیا اور مالٹا نے حالیہ ہفتوں میں اشارہ دیا تھا کہ وہ مشترکہ اعلان میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ بھی واضح رہے اقوام متحدہ کے کم از کم 140 اراکین فلسطینی ریاست کو پہلے سے تسلیم کرتے ہیں۔ لیکن امریکا اور برطانیہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp