جنیوا کانفرنس: اسلامی بینک کا پاکستان کے لیے چار ارب 20 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

پیر 9 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جنیوا میں اقوام متحدہ کے زیراہتمام پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے کی مدد کے لیے کانفرنس جاری ہے۔

پیر کو اسلامی ترقیاتی بنک کے صدر نے تعمیر نو اور بحالی کے لیے بڑا اعلان کرتے ہوئے تین سالوں میں پاکستان کو چار ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’بین الاقوامی برادری اور ترقیاتی شراکت دار موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس میں سیلاب متاثرین کے لیے مثالی ہمدردی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اسلامی ترقیاتی بینک گروپ نے وزیراعظم کے ٹھوس اقدام کے مطالبے کے جواب میں تین سالوں کے دوران چار ارب 20 کروڑ ڈالر کا وعدہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور اقوام متحدہ سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پاکستان کی تعمیر نو اور بحالی میں شراکت کے موضوع پر اہم کانفرنس کی میزبانی کر رہے ہیں جس کا مقصد گذشتہ سال کے تباہ کن سیلابوں کے بعد تعمیر نو اور بحالی کے لیے امداد کا انتظام ہے۔

قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بتایا کہ انہوں نے خود پاکستان جا کر سیلاب کی تباہی کا مشاہدہ کیا۔

انہوں نے کانفرنس میں شرکت کرنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ملک کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ اور 80 لاکھ کے لگ بھگ شہری بے گھر ہوئے۔ ’انفراسٹرکچر کی بحالی کےلیے بڑے پیمانے پر اقدامات اور امداد کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ اُن کا ملک اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والے ملکوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے کاشت کاری کو نقصان پہنچا جس سے غذائی قلت کے بحران نے جنم لیا۔

کانفرس سے فرانس کے صدر ایمانویل میکخواں نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیرس مالیاتی اداروں سے بات چیت میں پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے۔

فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ فرانس نے فوری طور پر 10 ملین ڈالر کی امداد کے ذریعے سیلاب متاثرین کی بحالی کی کوششوں میں حصہ لیا۔ اور اب بھی عالمی برادری کے ساتھ مل کر پاکستان کے متاثرین کی بحالی کی کوششوں میں شریک ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے اپنے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ اُن کا ملک اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ سیلاب کے پانچ ماہ بعد بھی ملک کے کئی علاقے زیرِ آب ہیں۔ ’ہر سات میں سے ایک پاکستانی سیلاب سے متاثر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعمیر نو کے اقدامات تاحال جاری ہیں۔ لکچدار انفراسٹرکچر کی تعمیر پہلی ترجیح ہے۔ آئندہ قدرتی آفات سے بچنے کے لیے پاکستان نے ایک پالیسی فرم ورک بنایا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ کانفرنس اس بات کا بھی امتحان ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے تباہی کے بعد تعمیرنو کے لیے رقم کون دے گا۔

گذشتہ سال پاکستان میں ریکارڈ مون سون بارشوں اور گلیشیئرز پگھلنے سے آنے والی سیلابوں کے سبب 80 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر اور 0017 سے زائد ہلاک ہوگئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ سیلاب ماحولیاتی تبدیلیوں کا شاخسانہ تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp