تھائی لینڈ کے شہر فوکٹ سے نئی دہلی آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI2379 منگل کے روز دورانِ پرواز شدید فضائی جھٹکوں یعنی ٹربولینس کی زد میں آ گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 14 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں 10 مسافروں اور عملے کے 4 ارکان شامل ہیں، تاہم طیارہ بحفاظت نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔
ایئر انڈیا کے مطابق ایئربس A320 طیارے کو دورانِ پرواز مختصر مگر شدید ٹربولینس کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث اس کی بلندی میں عارضی طور پر نمایاں کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا کی پرواز 8 گھنٹے بعد واپس، غلط طیارہ استعمال ہونے کا انکشاف
طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بج کر 41 منٹ پر فوکٹ سے روانہ ہوا تھا اور تقریباً 11 بجے دہلی پہنچا۔
ذرائع کے مطابق زخمی مسافروں اور عملے کے ارکان کو احتیاطی طبی معائنے کے لیے ایئرپورٹ کے میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا۔
بھارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
dangerous bout of turbulence struck an #AirIndia flight traveling from #Thailand to #Delhi, injuring 12 passengers. The aircraft was en route from #Phuket in Thailand to Delhi. During this time, the plane fell victim to #turbulence. The turbulence was so severe that some… pic.twitter.com/55yu3ReXAg
— Siraj Noorani (@sirajnoorani) August 4, 2026
حکام کے مطابق پائلٹ نے کیبن کریو کے ایک رکن کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع دی، تاہم ایئر انڈیا کا کہنا ہے کہ کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو جان لیوا یا سنگین چوٹ نہیں آئی۔
ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ تمام مسافر اور عملے کے ارکان بحفاظت طیارے سے اتر گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: ایئر انڈیا کے سی ای او کیمپبل ولسن مستعفی، خساروں اور تحقیقات کا دباؤ
’معمولی زخمی ہونے والے چند افراد کو احتیاطی طور پر طبی سہولت فراہم کی گئی، جبکہ ایئر انڈیا متاثرہ افراد کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے اور تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کیا جا رہا ہے۔‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق، پرواز کو روانہ ہوئے تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ گزر چکا تھا اور زیادہ تر مسافر سو رہے تھے کہ اچانک طیارہ بری طرح ہچکولے کھانے لگا۔
مزید پڑھیں: حادثات اور پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا کو اربوں ڈالر نقصان کا سامنا
مسافروں کے بقول یہ صورتحال 2 سے 3 منٹ تک جاری رہی، جس سے طیارے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ماہرین کے مطابق ٹربولینس یعنی فضائی جھٹکے ہوابازی کا ایک معمول کا حصہ ہے، جو خراب موسم، طوفانی بادلوں، فضائی دباؤ میں تبدیلی یا تیز رفتار جیٹ اسٹریمز کے باعث پیدا ہوتا ہے۔
اگرچہ دنیا بھر میں پروازوں کو روزانہ مختلف درجے کے فضائی جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم ان کے نتیجے میں سنگین زخمی ہونے یا ہلاکتوں کے واقعات نہایت کم ہوتے ہیں۔













