پاکستان سے براہ راست جدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت جمعہ کو کراچی اور اسلام آباد سے 2 پروازیں 720 پاکستانی عازمین حج کو لے کر جدہ پہنچ گئی جہاں عازمین کرام کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
مزید پڑھیں
جمعہ کو کراچی اور اسلام آباد سے 2 پروازوں کے ذریعے 720 پاکستانی عازمین کرام جدہ پہنچے تو ایئرپورٹ پر پاکستان حج مشن کے سربراہ عبدالوہاب سومرو، قونصل جنرل خالد مجید، وزارت مذہبی امور اور سعودی حکام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلائٹ آپریشن کے پہلے مرحلے میں پاکستان سے 23 مئی تک کل 34,316 پاکستانی عازمین کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔
24 مئی سے 9 جون تک 114 پروازوں کے ذریعے مزید 34,422 پاکستانی عازمین کرام کو جدہ پہنچایا جائے گا۔ 720 پاکستانی عازمین کرام مکہ روٹ اقدام کے تحت سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے ذریعے اسلام آباد اور کراچی سے روانہ ہوئے اور سعودی عرب کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے۔
تفصیل کے مطابق پہلی پروازSV-3705، جس میں 370 مسافر سوار تھے، صبح 5 بجے (مقامی وقت) پر پہنچی اور دوسری پرواز SV-3727 صبح 6:10 پر 350 عازمین حج کو لے کر پہنچی۔
مکہ روٹ کے اقدام کے تحت مسافر امیگریشن کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں سے گریز کرتے ہوئے مختصر وقت میں جدید بسوں کے ذریعے اپنے ہوٹلوں کے لیے روانہ ہوئے اور ان کا سامان پورٹرز کمپنی کے ذریعے ان کی رہائش گاہوں پر منتقل کر دیا گیا۔