اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے؟

ہفتہ 25 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب میں پاکستانی عازمینِ حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اب تک پاکستان سے 149 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

ترجمان مذہبی امور کے مطابق پاکستان سے مدینہ منورہ پری حج پروازوں کا سلسلہ گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگیا ہے، پاکستان سے اب تک 149 پروازوں کے ذریعے 35 ہزار سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ ہیں، نجی حج اسکیم کے ذریعے 32 سو 46 عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے۔

اب 9 جون تک پاکستان سے سعودی عرب جانے والی تمام پروازیں مدینہ منورہ کے بجائے جدہ اتریں گی۔

ترجمان مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کے خصوصی تعاون سے مدینہ منورہ میں 20 ہزار 50 عازمینِ حج کو ریاض الجنہ کی زیارت کروا دی گئی ہے۔

مدینہ منورہ میں شعبہ گمشدگی و بازیابی نے گم ہونے والے 530 بیگز تلاش کرکے مالکان کے حوالے کیے ہیں، راستہ بھولنے والے 61 عازمینِ حج کو تلاش کرکے ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔

مدینہ منورہ میں شعبہ شکایات نے خوراک کی 304 اور ٹرانسپورٹ کی 38 شکایات کا ازالہ کیا ہے۔

دوسری جانب مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے 197 بیگز کو تلاش کرلیا گیا ہے، جبکہ راستہ کھونے والے 17 عازمینِ حج کو رہائش گاہوں تک پہنچایا گیا۔

حرم مکی میں داخلی راستوں پر تعینات حرم گائڈز نے اب تک 4500 عازمینِ حج کو رہنمائی فراہم کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp