شہدا کے لواحقین کو صرف پلاٹ نہیں گھر بنا کردیں گے، محسن نقوی

پیر 27 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد پولیس کے 64 شہدا کے اہل خانہ کے لیے رہائش کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا گیا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کی فیملیز کے لیے مبین کاٹیجز پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کو صرف پلاٹ نہیں بلکہ گھر بنا کر دیں گے۔

اسلام آباد میں پولیس شہدا کی فیملیز کے لیے کاٹیجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے لواحقین کا خیال ہمارا فرض ہے یہ پلاٹ آپ کو بہت پہلے ملنے چاہیے تھے۔ 64 شہدا کی فیملیز کے لیے این پی ایف سیگو فارمز چک سیگو راولپنڈی میں 5 مرلے کے گھر تعمیر ہوں گے۔ محسن نقوی نے پولیس شہداء کی فیملیز میں پلاٹس کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کردیے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بزرگ خاتون کی نشت پر گئے ان کو الاٹمنٹ لیٹر دیا اور بزرگ خاتون سے گفتگو  کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شہداء کے اہل خانہ کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، یہ کام شہداء کے اہل خانہ پر احسان نہیں ، یہ ان کا حق ہے جو واپس کر رہے ہیں۔یہ کام شہداء کے  لہو کے ایک قطرے کا بھی قرض نہیں اتار سکتا۔

دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی جانب سے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن، چئیرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، آر پی او راولپنڈی اور شہداء پولیس کی فیملیز موجود تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سیف سٹی بھی بنانے جارہے ہیں، پولیس کا رویہ عوام کیساتھ تبدیل کرنا ہے، پولیس کا رویہ تبدیل ہوجائیگا تو سب ٹھیک ہوجائیگا۔ اسلام آباد میں مزید بھی اقدامات کرنے جارہے ہیں، حالات بہت بہتر ہونگے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پر امید ہوں چند ہفتوں میں اسلام آباد میں بڑی تبدیلی دیکھیں گے، جوانوں سے درخواست ہے کہ اسلام آباد پولیس کو پورے پاکستان کے لیے مثال بنانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp