وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی یورپی یونین سے صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل

بدھ 29 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے یورپی یونین سے صوبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی درخواست کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یونین صوبے کو اپنے آئندہ 5 سالہ منصوبے میں ترجیح پر رکھے گا۔

حاجی گلبر خان نے پاکستان میں تعینات سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی قیادت میں ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان پسماندہ اور دور افتادہ علاقہ ہے اور اس کا ترقیاتی بجٹ محض ساڑھے 19 ارب ہے جس کے باعث مشکل ترین علاقوں میں ترقیاتی عمل میں مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو گلگت  بلتستان پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور امید ہے کہ آئندہ 5 سالہ پلان میں یورپی گلگت  بلتستان کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے گا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گلگت  بلتستان واحد صوبہ ہے جو پاور کے منصوبے اپنے محدود بجٹ سے تعمیر کررہا ہے جبکہ دیگر صوبوں میں پاور کے منصوبے واپڈا تعمیر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں سیاحت، معدنیات اور پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن محدود وسائل ہونے کی وجہ سے ان وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں سرمایہ کاری کے لیے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت  بلتستان میں پرائیویٹ سیکٹر اور انڈسٹریز نہ ہونے کی وجہ سے روزگار کا انحصار سرکاری ملازمت یا زراعت پر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں خواتین کی تعلیم اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے جبکہ زراعت اور پاور سیکٹر میں بھی بین الاقوامی ڈونز کا تعاون درکار ہے۔

اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رینا کیونکا نے کہا کہ انہیں گلگت  بلتستان میں 2 نئے منصوبوں کا افتتاح کرنے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گلگت  بلتستان یورپی یونین کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اور پاور سیکٹر اور اسکل ڈویلپمنٹ کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں ۔

یورپی یونین کے وفد نے اس موقع پر پاور سیکٹر اور دیگر شعبوں میں ٹیکنیکل معاونت اور کاربن پالیسی کے حوالے سے کام کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp