پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز میں شکست کے بعد سابق کپتان شعیب ملک نے قومی ٹیم کو مشورہ دے دیا۔
سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں شعیب ملک نے کہا کہ یہ مشکل سیریز تھی لیکن یاد رکھیں کہ ہم پر پہلے بھی مشکل گھڑیاں آچکی ہیں اور ہم زیادہ مضبوط ٹیم بن کر سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال سے بابر اعظم کو تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنی چاہیے کیونکہ مِڈل اوورز میں اسٹرائیک روٹیٹ کرنے کے لیے کسی کو ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے بہترین آپشن ہیں، ان کی رہنمائی سے ہماری ٹیم کا مڈل آرڈر بہت بہتر ہوجائے گا۔
شعیب ملک نے اعظم خان اور شاداب خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دونوں ہماری ٹیم کے لیے بہت اہم ہیں، اپنا اعتماد نہ کھوئیں اور دل سے کھیلیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ میچ ونر ہیں، ورلڈ کپ میں جاتے ہوئے اپنے حوصلے بلند رکھیں۔
– Tough series! Remember: we've been in tough spots before & came out stronger!
IMO Babar should bat at no 03! We need someone in the middle overs to rotate strike, you are our best option, with your guidance our middle order will do alot better.
Azam & Shadab, you two are…— Shoaib Malik 🇵🇰 (@realshoaibmalik) May 30, 2024
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی انگلینڈ سے ٹی20 میچ ہارنے پر سابق کپتان شعیب ملک نے قومی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر کو آڑے ہاتھوں لے لیا تھا۔
انہوں نے بیٹرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ پی ایس ایل نہیں انٹرنیشنل کرکٹ ہے، ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے یہ آخری سیریز ہے۔ بیٹنگ آرڈر میں فخر زمان، محمد رضوان، بابر اعظم، اعظم خان اور پھر افتخار احمد ہونے چاہییں، چھٹے نمبر پر عماد اور شاداب کو کھلایا جائے۔
شعیب ملک کا کہنا تھا کہ کپتان کو بینچ پر موجود آپشنز کو سمجھداری سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، کپتان کو چاہیے کہ وہ اعظم خان اور افتخار احمد کو وقت اور اتنے اوورز بیٹنگ کے لیے ضرور فراہم کریں کہ وہ وکٹ کو سنبھل سکیں۔ بیٹنگ پر آتے ہی 12 سے 14 رنز فی اوور سے بیٹنگ کرنے کی توقع رکھنا ناانصافی ہے۔