بجٹ 2024 میں کون کون سے نئے ٹیکس لگ سکتے ہیں؟

ہفتہ 1 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت رواں ماہ نئے مالی سال کے لیے بجٹ پیش کرنے والی ہے اور ماہرین نئی حکومت کے پہلے بجٹ کو ملک معاشی حالات کے تناظر میں ایک بڑا چیلنج قرار دے رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لیے حکومت کو کئی شعبوں میں ٹیکس چھوٹ مکمل طور پر ختم کرنا ہوگی۔

بجٹ کی تیاری ایسے وقت میں کی جارہی ہے جب حکومت بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (ائی ایم ایف) کے ایک اور پروگرام میں جانے کے لیے مذاکرات کررہی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں مزید پیش رفت کو قانون سازی اور پارلیمنٹ سے کئی اقدامات کی منظوری سے بھی جوڑا گیا ہے۔ ان اقدامات میں توانائی، پینشن، سرکاری کاروباری اداروں میں اصلاحات کے نفاذ، بجلی گیس کے نرخ، پیٹرولیم مصنوعات پر کاربن ٹیکس کے نفاذ اور ٹیکس سے متعلق اصلاحات شامل ہیں۔

حکومت نے توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے کم کرنے کے اپنے منصوبے سے اور حکومت عملی سے عالمی مالیاتی ادارے کو آگاہ کیا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس وقت صرف توانائی سیکٹر میں خسارہ 2400 ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے اور رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ میں اس میں 325 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

حکومت کو آئی ایم ایف کے مطالبے پر پاکستان کے بجٹ خسارے اور آمدن بڑھانے کے لیے ٹیکس میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کرنا ہوں گے۔ ماہرین کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں کئی ٹیکسز میں اضافہ اور بعض نئے ٹیکس لگنے کا بھی امکان ہے۔

گاڑیوں پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا فیصلہ

بجٹ امور پر نظر رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ آٹو سیکٹر میں ایڈوانس ٹیکس کے نفاذ کی تجویز سامنے آئی ہے جس کے تحت گاڑی کی مالیت پر 10 فی صد نیا ٹیکس عائد کیا جارہا ہے۔ اسی طرح 2 ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں پر پہلے سے موجود سالانہ ایڈوانس ٹیکس فائلرز کے لیے 5 لاکھ روپے کیا جارہا ہے جب کہ نان فائلرز کے لیے یہ ٹیکس 24 فی صد مقرر کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ اس سے حکومتی ریونیو میں تو اضافہ ہوگا مگر اس سے ملک میں گاڑیوں کی فروخت مزید کم ہو جائے گی۔

نان فائلرز کے لیے کریڈٹ کارڈز سے ادائیگی پر زیادہ ٹیکس

ماہرِین معیشیت کا کہنا ہے کہ کریڈٹ کارڈز پر بیرونی ادائیگیوں پر نان فائلرز کے لیے 20 فی صد ٹیکس عائد کیا جارہا ہے جو اچھی تجویز ہے اور اس سے نان فائلرز کی بیرونی اخراجات کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ دوسری جانب کریڈٹ کارڈز سے بیرونی ادائیگیاں کرنے والے فائلرز کے لیے ایڈوانس ٹیکس ختم کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ ایسا کرنے سے زرمبادلہ کے آوٹ فلو میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس لیے ان کے خیال میں ملکی معیشت کو درپیش موجودہ حالات میں زیادہ مناسب نہیں۔

بزنس کلاس میں بین الاقوامی سفر پر فکس ٹیکس کی تجویز

اگر آپ ملک سے باہر بزنس کلاس میں سفر کررہے ہوں گے تو آپ کو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے بجائے اب فکس ٹیکس دینا ہوگا جو روٹس کی مناسبت سے طے کیا جائے گا۔ اس پر کم سے کم ٹیکس 75 ہزار روپے سے اڑھائی لاکھ روپے تک رکھنے کی تجویز ہے۔ ماہرین اس ٹیکس کو مثبت قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کررہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بزنس کلاس میں سفر کرنے والوں کے لیے یہ ٹیکس دینا کوئی مشکل نہیں ہوگا اور اس کے نفاذ سے غیر ملکی زرِمبادلہ کی بچت ہوگی۔

بینک سے کیش نکالنے پر ٹیکس کی شرح میں اضافہ

ایک تجویز کے مطابق بینکوں سے کیش نکالنے پر نان فائلرز کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا جارہا ہے اور اب اس کے لیے نئی شرح اعشاریہ 9 فیصد مقرر کی جارہی ہے۔ جو پہلے اعشاریہ 6 فی صد تھی۔ اس سے نہ صرف حکومت کے محصولات میں اضافہ ہوگا وہیں نان فائلرز کو فائلرز بننے کی ترغیب ملے گی اور کیش پر کاروبار کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

وفاقی حکومت نے زرعی آمدنی، نان کارپوریٹ کاروبار، سروس پروائڈرز بلڈرز اور کنسٹرکشن فرمزپر بھی ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین معیشت اسے اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی حمایت کرتے ہیں۔

بجلی کے 2 لاکھ سے زائد والے بلز پر نان فائلرز صارفین کے لیے ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرح میں اضافہ

ایک تجویز کے تحت بجلی کے 2 لاکھ سے زائد والے بلز پر نان فائلرز صارفین کے لیے ایڈوانس انکم ٹیکس کی شرح 20 فی صد تک کی جارہی ہے۔ اس عمل سے بھی فائلر بننے کی حوصلہ افزائی ہوگی اور حکومت کے محصولات بھی بڑھیں گے۔

دوسری جانب حکومت نے بجلی اور گیس کے ایسے نان فائلرز صارفین پر بھی ٹیکس کی شرح 30 فی صد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کمرشل اور انڈسٹریل کنکشنز رکھتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق ایسا کرنے سے حکومت کے محصولات میں اضافہ تو ممکن ہے لیکن صنعتوں کی پیداوارای لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کے منافع میں کمی ہوگی جس کے باعث ملک کی معاشی ترقی میں بھی رکاوٹیں آئیں گی۔

شادی ہالز پر ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ؟

بجٹ کے لیے سیلز ٹیکس کے ساتھ ایکسٹرا سیلز ٹیکس نافذ کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ شادی ہالز کا بل 2 لاکھ روپے سے زائد ہونے کی صورت میں 25 فی صد میرج ہالز ٹیکس بھی لینے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔ ماہرین معیشت کے مطابق اس سے حکومتی ریونیوز میں تو خاطر خواہ اضافہ ہوگا لیکن اس سے مہنگائی بھی بڑے گی اور یوں معاشی ترقی کی رفتار جو پہلے ہی سست ہے مزید مدھم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگا۔

پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے ساتھ سیلز ٹیکس کی تجویز

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر پیٹرولیم لیوی کے ساتھ اب حکومت نے ایک بار پھر 18 فی صد جنرل سیلز ٹیکس لاگو کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس عمل سے جہاں مہنگائی بڑھے گی وہیں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں بھی خاطر خواہ کمی ہوسکتی ہے۔

ادویات پر 10 سے 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس نافذ کرنے کی تیاری

حکومت نے آمدن بڑھانے کے لیے اس بار ادویات پر بھی 10 سے 18 فی صد جنرل سیلز ٹیکس نافذ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کے منفی اثرات کے تحت ملک میں ادویات مزید مہنگی ہوجائیں گی۔ تاہم عوامی ردعمل کی بنا پر یہ تجویز واپس بھی لی جاسکتی ہے۔

پراپرٹی پر ٹیکس

رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے حکومت کئی تجاویز پر سوچ بچار کررہی ہے۔ ایک تجویز کے مطابق زرعی زمین اور پراپرٹی پر اعشاریہ 5 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور شہری علاقوں میں 450 گز سے زائد کی پراپرٹی فروخت کرنے پر نان فائلرز کو ساڑھے 10 فی صد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

سریے کی فروخت پر عائد ٹیکس ختم کیا جارہا ہے

ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ ٹیکس تجاویز سے اندازہ ہوتا ہے کہ آئی ایم کی شرائط پوری کرنے کے لیے حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ اپنے محصولات بڑھائے اور قرضوں پر انحصار کم کرے۔ لیکن اس کے لیے حکومت کا انحصار ایک بار پھر براہ راست ٹیکس کے بجائے بالواسطہ ٹیکس پر زیادہ نظر آتا ہے۔ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے لوگ اپنا ٹیکس کسی مجبوری یا خوف کے بجائے خوشی سے دیں۔

معیشت کو کن اصلاحات کی ضرورت ہے؟

ماہرینِ معیشت کہتے ہیں کہ حکومت کو ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس سے لوگوں کو سہولتیں ملیں لیکن دوسری جانب امیروں پر ٹیکس کے لیے سخت اقدامات کرنا اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ حکومت معاشی اہداف پورا کرنا چاہتی ہے تو زرعی آمدن، تجارت، کاروبار، رئیل اسٹیٹ، ڈیری فارمنگ، اور دیگر شعبوں سے وابستہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔ اور ان سے ان کی آمدن کے حساب سے ٹیکس اکٹھا کرنا ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp