پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات حاصل کرنے کی سہولت اب موبائل ایپلیکیشن ’پاک آئی ڈی – PAK ID‘ کے ذریعے میسر ہو گی۔
نیشنل رجسٹریشن اینڈ ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق ان کی متعارف کردہ نئی موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے اب پاکستانی صارفین مختلف سہولیات گھر بیٹھے حاصل کر سکیں گے۔
چیئرمین نادرا طارق ملک کے مطابق ’شناختی دستاویزات بنوانے کے لیے اب نادرا دفاتر جانے، لمبی قطاروں میں انتظار کی زحمت ختم، اپنا سمارٹ فون اٹھائیں، درخواست جمع کرائیں۔‘
طارق ملک کی دو الگ الگ ٹویٹس میں بتایا گیا ہے کہ ’نادارکی Pak ID موبائل ایپ کے ساتھ، آپ کو مل رہی ہے تصدیق کی جدید ترین سہولت۔ ایپ میں شامل کنٹیکٹ لیس بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت کی بدولت سمارٹ فون کے ذریعے اپنی بائیومیٹرک لیں، براہِ راست تصدیق کریں، لمبی قطاریں بھول جائیں، گھر بیٹھے شناختی کارڈ بنوائیں۔‘
#یوم_پاکستان کے موقع پر @NadraPak اپنے ہم وطنوں کیلئے پیش کر رہا ہے شاندار سہولت #PakID موبائل ایپ📱
شناختی دستاویزات بنوانے کیلئے اب نادرا دفاتر جانے، لمبی قطاروں میں انتظار کی زحمت ختم، اپنا سمارٹ فون اٹھائیں، درخواست جمع کرائیں۔1#DigitalTransformation
#یوم_پاکستان_مبارک pic.twitter.com/neeFjoZDEy— Tariq Malik ™ (@ReplyTariq) March 23, 2023
نادرا کی متعارف کردہ ایپ سے قبل ان خدمات کے لیے پاکستانی شہریوں کو ملک بھر میں قائم نادرا کے دفاتر میں جانا پڑتا تھا جہاں بسا اوقات ان دستاویزات کے حصول کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔
نادرا کے مطابق پاکستانی دنیا میں کہیں بھی ہوں تو یہ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد اس میں اپنا اکاؤنٹ بنوائیں اور جو شناختی دستاویزات بنوانی ہوں ان کے لیے دیے گئے طریقہ پر عمل کرتے ہوئے مطلوبہ خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے خدمات کے حصول کے لیے جو فیس ادا کرنا ہوتی ہے وہ بھی آن لائن ادا کی جا سکے گی۔ تصاویر، دستخط وغیرہ بھی اسی ایپ کے ذریعے اپ ڈیٹ ہو سکیں گی۔
نادرا کے مطابق آئی او ایس اور اینڈرائڈ فون صارفین کے لیے گوگل پلے اسٹور اور ایپ اسٹور پر ایپس دستیاب ہے۔