کیمرون کے سابق وزیراعظم فائلیمن یانگ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نئے صدر منتخب

ہفتہ 8 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کیمرون کے سابق وزیراعظم فائلیمن یانگ کو ستمبر سے شروع ہونے والے اپنے 79ویں اجلاس کا صدر منتخب کرلیا ہے۔

جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر ڈینس فرانسس نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر یانگ افریقن یونین میں نمایاں شخصیات کے پینل کے چیئرپرسن بھی رہ چکے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ امن، پائیدار ترقی اور انسانی وقار کے اصولوں سے غیرمتزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کی ثابت قدم قیادت مکالمے، تعاون اور شمولیت کے اصولوں سے عبارت ہے جن کی جنرل اسمبلی کے کام میں رہنمائی کے لیے لازمی اہمیت ہے۔ اس وقت دنیا کو بہت سے پیچیدہ مسائل کا سامنا ہے جن کے ہوتے ہوئے کثیر فریقی طریقہ کار اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پہلے سے کہیں بڑھ گئی ہے۔

مزید پڑھیں

فائلیمن یانگ نے اپنے انتخاب کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ تنوع زندگی کا ایک حصہ ہے، وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ مستقبل پر نظر رکھتے ہوئے بات چیت اور اتفاق رائے کے ذریعے بہت سے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے نومنتخب صدر کو مبارک باد دیتے ہوئے دنیا کو درپیش بہت سے مسائل کا تذکرہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جنگیں ہو رہی ہیں۔ موسمیاتی بحران شدت پکڑ رہا ہے۔ غربت اور عدم مساوات بڑھتی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد اور تقسیم لوگوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر رہی ہیں۔ پائیدار ترقی کے اہداف کی جانب پیش رفت غیرمعمولی طور سے بے سمت ہے اور ترقی پذیر ممالک کو اپنے لوگوں پر خرچ کرنے کے لیے مالی تعاون میسر نہیں رہا۔ دنیا کو مزید پرامن اور پائیدار بنانے کے مشترکہ مقصد سے نظریں ہٹانے کی گنجائش نہیں۔

جنرل اسمبلی کا 79واں اجلاس 10 ستمبر سے شروع ہو گا۔ اس دوران اعلیٰ سطحی عمومی مباحثے کا آغاز 24 ستمبر سے ہونا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp