مائنس عمران قبول نہیں، آئین توڑنے والوں کے ساتھ کیا کرنا ہے وقت آنے پر بتائیں گے، علی امین گنڈاپور

پیر 10 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ آئین توڑنے والوں کے ساتھ کیا کرنا ہے یہ وقت آنے پر ہی بتائیں گے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جس دن ہمیں لگا کہ یہ عمران خان کو مائنس ون کرنے کا سوچ رہے ہیں تو پھر ایسی تاریخ رقم کریں گے کہ پوری دنیا میں کوئی کسی سیاسی لیڈر کے ساتھ ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ 1971 میں بھٹو کو اقتدار پر بٹھانے کے لیے ایک پارٹی کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ملک ٹوٹ گیا اور پھر بھٹو کو بھی پھانسی دے دی گئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، اس کے مطابق ان کے مسائل حل کرنے ہیں، ہم اپنے صوبے کے حقوق لیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم ایس آئی ایف سی کے خلاف نہیں بلکہ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے صوبے میں لا اینڈ آرڈر کے مسائل ہیں، گزشتہ روز بھی پاک فوج کے جوان شہید ہوئے۔

فیصل کریم کنڈی کس کے کہنے پر علی امین گنڈاپور پر تنقید کرتے ہیں؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گورنر فیصل کریم کنڈی آصف زرداری اور بلاول کے کہنے پر میرے خلاف بات کرتے ہیں لیکن سیاسی گفتگو کرنا گورنر کا کام نہیں۔

انہوں نے کہاکہ گورنر سے میں کس بات کا مناظرہ کروں، کیا اس بات کا مناظرہ کروں کے اس نے میرے سے آدھے ووٹ بھی نہیں لیے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ 2 ہزار ارب روپے سے زیادہ صوبے کے واجبات ہیں، وفاق خیبرپختونخوا حکومت سے بڑا ریونیو حاصل کررہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت ٹوبیکو سے 300 ارب روپے کما رہی ہے، اس 300 ارب روپے کو 900 ارب روپے تک کیا جاسکتا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا آرمی چیف سے اہم مطالبہ

انہوں نے مزید کہاکہ آرمی چیف بتائیں کہ میرے والد نے فوج سے ریٹائرمنٹ لی یا نکالا گیا تھا کیونکہ فیصل کریم کنڈی نے میرے مرحوم والد سے متعلق ایسی گفتگو کی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہاکہ میں عمران خان کے ویژن کے مطابق صوبے کو چلا رہا ہوں جبکہ مریم نواز کام کچھ نہیں کرتیں بلکہ صرف تشہیر پر توجہ ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے ہیلتھ کارڈ بحال کردیا ہے اور اب اس کی حد 20 لاکھ روپے تک بڑھائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp