مدینہ منورہ میں شکایات کی شرح کم رہنے پر وزیر مذہبی امور کا اظہارِ اطمینان

منگل 11 جون 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سیکرٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر کے ہمراہ پاکستان حج مشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، دورے کے دوران مختلف شعبہ جات کے معائنے کے بعد ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

مزید پڑھیں

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ منیٰ اور عرفات میں عازمینِ حج کو معاہدہ کے مطابق سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ امسال مدینہ منورہ میں شکایات کی شرح کافی کم رہی ہے، جو حوصلہ افزا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس سال منیٰ اور عرفات میں پاکستانی عازمینِ حج کو تازہ پکا ہوا کھانا فراہم کیا جائے گا، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے زور دیا کہ حج مشن کے تمام شعبہ جات عازمینِ حج کی بہبود کے لئے بہترین ہم آہنگی برقرار رکھیں۔

سیکریٹری مذہبی امور ذوالفقار حیدر نے معاونین حج کو ہدایت دی کہ وہ اللہ کے مہمانوں کے سامنے اپنی انا کو قربان کریں اور خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آئیں، انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس سال معاونین حج کے انتخاب کے لیے کسی سفارش کو قبول نہیں کیا گیا۔

عازمینِ حج کو 7 اور 8 ذی الحج کی درمیانی شب سعودی مکاتب کی بسوں کے ذریعے وادی منیٰ لے جایا جائے گا، تاکہ وہ مناسک حج کو بہترین طریقے سے ادا کر سکیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp